Live Updates

حج 2025 ، 442 عازمین حج کو لیکر پہلی پرواز مدینہ روانہ

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی ، پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر وائس مارشل عامر حیات سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ائیرپورٹ پر عازمین کو رخصت کیا، لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 رات 10 بجے 323 حجاج کرام کو لے کر روانہ ہو گی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 29 اپریل 2025 11:10

حج 2025 ، 442 عازمین حج کو لیکر پہلی پرواز مدینہ روانہ
 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اپریل 2025)حج 2025ء کا باضابطہ آغاز ہوگیا،442عازمین حج کو لیکر پہلی پرواز مدینہ روانہ ہوگئی،عازمین کو الوداع کہنے کیلئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر وائس مارشل عامر حیات اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

اس موقع پر عازمین حج کو خصوصی تحائف بھی دئیے گئے اس کے علاوہ لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 رات 10 بجے 323 حجاج کرام کو لے کر روانہ ہو گی جبکہ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز پی کے 7201 صبح 10 بجے 170 عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہو گی۔ملتان سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 715 رات سوا آٹھ بجے 393 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔ کراچی سے سیرین ایئر لائن کی پرواز ای آر 1611 رات ساڑھے نو بجے 285 عازمین کے ہمراہ سعودی عرب جائے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کو دو مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں خصوصی حج پروازیں پاکستان سے مدینہ منورہ روانہ ہوں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں عازمین کو جدہ لے جایا جائے گا۔پی آئی اے اس سال اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان، اور کوئٹہ سمیت ملک کے 6 بڑے شہروں سے براہ راست حج پروازیں آپریٹ کرے گی۔ترجمان پی آئی اے کایہ بھی کہنا ہے کہ اس سال قومی ایئر لائن کے ذریعے تقریباً 35,200 سرکاری سکیم کے تحت منتخب عازمین حج کو 117 سے زائد خصوصی حج پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔

پاکستان سے سرکاری سکیم کے تحت 89 ہزار عازمین حج کیلئے جائیں گے۔ پاکستان سے آخری حج پرواز 31 مئی کو روانہ ہوگی۔ عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 33 روز تک جاری رہے گا۔ حج پروازوں کے آغاز پر پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔ قومی و نجی ائیرلائن سمیت سعودی فضائی کمپنی حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔ حج آپریشن کے پہلے روز چھ پروازیں سعودی عرب روانہ ہوں گی۔پہلے مرحلے میں عازمین حج کی خصوصی پروازیں مدینہ کیلئے روانہ ہوں گی۔ دوسرے مرحلے میں عازمین حج کی پروازیں جدہ جائیں گی۔اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر سعودی حکومت کے اشتراک سے روڈ ٹو مکہ کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔روڈ ٹو مکہ سے عازمین حج سعودی امیگریشن پاکستان سے کرواکے جائیں گے۔ 
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات