Live Updates

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کااوآئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نام خط،بھارتی مظالم سے آگاہ کیا

منگل 29 اپریل 2025 14:13

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ کی توجہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش شدید مشکلات اور پریشان کن حالات کی طرف مبذول کرائی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے وائس چیئرمین محمود احمد ساغر کی طرف سے اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نام خط میں کہاگیاہے کہ بھارت نے دنیا بھر میں ایک خطرناک پروپیگنڈا مہم شروع کر رکھی ہے جس میں کشمیری مسلمانوں کودہشت گرد کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ان کی اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی پر امن جدوجہد کو بدنام کیا جا سکے، کشمیریوں کو ان کے اس بنیادی حق کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی قراردادوں میں دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کے خلاف سوشل میڈیا پر ہرزہ سرائی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اورکشمیری مسلمانوں کی نسلی کشی کے اعلانات کئے جارہے ہیں ۔سوشل میڈیا پر کشمیریوں کے خلاف تیزی سے بڑھتی زہر افشانی بھارت بھر میں کشمیریو ں پر وحشیانہ تشدد اور امتیازی سلوک کا باعث بن رہی ہے ، بدقسمتی سے بھارتی میڈیا جو جنگی جنون پھیلانے میں مصروف ہے، مقبوضہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور کشمیریوں کی دیرینہ مہمان نوازی کو نظر انداز کررہا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ وادی کشمیر میں کشمیری عوام بھارت کی دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ریاستی جبر کے دوران بھارتی فورسز بڑے پیمانے پر کریک ڈان شروع کررکھا ہے جس میں سینکڑوں سیاسی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔وادی کشمیر میں قومی سلامتی کی آڑ میں کشمیریوں کے درجنوں مکانوں کو منہدم کر دیاگیاہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات