وقف ایکٹ کے خلاف مہاراشٹر میں زبردست احتجاج

منگل 29 اپریل 2025 16:07

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف ریاست مہاراشٹر کے علاقے پربھنی میں ہزاروں مسلمانوں نے احتجاج کیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آل انڈیا مسلم پرسنل لا ء بورڈ کی کال پر عیدگاہ میدان میں وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کیاگیا۔

(جاری ہے)

احتجاج میں بھارتی رکن پارلیمنٹ اورآل انڈیا مسلم مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی، بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ،جنرل سکریٹری فضل الرحیم مجددی، محمد شفیع، سعادت اللہ حسینی اور دیگر نے شرکت کی۔

مقررین نے مودی حکومت کو وقف ترمیمی ایکٹ کو غیر آئینی قراردیتے ہوئے فوری طورپر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسدالدین اویسی نے کہا کہ انہوں نے لوک سبھا میں اس قانون کو کالا قانون قراردیاتھا اور اس کا فائدہ صرف مودی حکومت کو ہوگاجس کا مقصد مسلمانوں سے ان کی جائیدادیں چھیننا ہے ۔اسد الدین اویسی نے کہا کہ بی جے پی مساجد اور قبرستانوں اور دیگر وقف املاک کو چھیننے کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بل سے غریب مسلمانوں کو فائدہ پہنچانے کے مودی حکومت کے دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں ۔