ننکانہ صاحب، ضلع بھر میں منشیات کی کھلے عام فروخت کو عوامی سماجی حلقوں نے ایک سنگین مسئلہ قرار دیدیا، رپورٹ

منگل 29 اپریل 2025 16:27

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)ضلع ننکانہ کے عوامی سماجی اور رفاعی حلقوں کے افراد نے ضلع بھرمیں منشیات کی کھلے عام فروخت کو ایک سنگین مسئلہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس میں انتظامیہ کا بھی برابر کا حصہ ہے منشیات کی کھلے عام فروخت سے نوجوان نسل بے راہ روی اختیار کرنے پر مجبور ہیں اور یہ ایک انتہائی خطرناک صورتحال بن چکی ہے۔

اگر اس پر فوری اور موثر اقدامات نہ کیے تو ہم اپنی آنے والی نسلوں کے مجرم بن جائیں گے اور اپنے آپ کو ان کے سامنے پیش کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔ ہمیں سب کو مل کر اس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا تاکہ ہم اپنی نوجوان نسل کو اس عذاب سے بچا سکیں اور انہیں ایک بہتر اور محفوظ مستقبل فراہم کر سکیں۔رپورٹ کے مطابق فلیورڈ سگریٹ،شیشہ،آئس،چرس اور ویپ کا نوجوان نسل میں استعمال دن بدن بڑھتا جا رہا ہے اور مستقبل کے معمار اس لت میں بری طرح مبتلا ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عوامی سماجی اور رفاعی حلقوں کے افراد نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر اقدامات کریں۔کیونکہ کئی بارانتظامیہ کی توجہ اس طرف مبذول کرانے پر بھی منشیات فروشی میں دن بدن اضافہ انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت نااہلی اور غفلت کا نتیجہ ہے۔عوامی سماجی اور رفاعی حلقوں کے افراد نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع ننکانہ میں منشیات کی سرعام فروخت کا بڑھتا ہوا مسئلہ سنگین شدت اختیار کر چکا ہے انتظامیہ اس مسئلے کو نظرانداز کر رہی ہے اور براہ راست منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کوئی موثر کارروائی نہیں کر رہی۔

اس کے نتیجے میں جرائم کی شرح بڑھتی جا رہی ہے اور نوجوانوں میں منشیات کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے، جو کہ جرائم کی وارداتوں کوبھی بڑھا رہا ہے گزشتہ روز تحصیل سانگلہ ہل میں2نشے کے عادی افراد نشہ کی زیادتی کے باعث موت کی نیند سو گئے ہیں اس تمام تر صورتحال پر عوامی سماجی اور رفاعی حلقوں میں سخت تشویش پائی جارہی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ ایک چین ہے جس میں ضلع ننکانہ کے محکمہ پولیس کے آفیسران بھی شامل ہیں عوامی سماجی اور رفاعی حلقوں کے افراد نے یہ بھی کہا کہ انتظامیہ بار بار توجہ مبذول کرانے پرمعمولی نشئی افراد کے خلاف کارروائیاں کرتی ہے اور اعلی حکام کو سب اچھا کی رپورٹ بھیج رہے ہیں مگر بڑے مگر مچھوں کومبینہ ملی بھگت کے باعث چھوٹ دی جا رہی ہے، جن کی سرگرمیاں جرائم میں اضافہ کا سبب بن رہی ہیں۔

اس صورتحال میں انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے اور ضلع ننکانہ کے حالات دن بدن بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔عوامی سماجی اور رفاعی حلقوں کے افراد نے حکومت اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس سنگین مسئلے پر نوٹس لے کر بڑے منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر کے ان کو عبرتناک سزائیں دلوائی جائیں تاکہ مستقبل کے معمار منشیات جیسی لعنت سے بچ سکیں۔