Live Updates

ہیلتھ ملازمین کی جانب سے حکومتی اقداما ت پر اظہار تشکر کیلئے خصوصی اجتماع کا انعقاد

تمام کیڈرز کی لیڈی ہیلتھ ورکرز،لیڈی ہیلتھ وزیٹرز، نرسنگ و سپورٹنگ سٹاف کا سروس سٹریکچر بھی اپ گریڈ کیا جائے گا،وزیرصحت

منگل 29 اپریل 2025 17:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)آزادکشمیر حکومت کی جانب سے محکمہ صحت کے ملازمین کیلئے خصوصی مراعات، ہیلتھ پیکیج کے تحت نئے اداروں کے قیام، محکمہ صحت سے وابستہ ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کیلئے سرکاری اداروں کا قیام، ہیلتھ ملازمین کی جانب سے حکومتی اقداما ت پر اظہار تشکر کیلئے خصوصی اجتماع کا انعقاد، وزیر صحت نثار انصر ابدالی اور وزیر پی ڈی او چوہدری محمد رشید کی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت، اظہار تشکر پروگرام میں محکمہ صحت کے 10اضلاع سے ہزاروں ملازمین شریک ہوئے، میزبانی کا فریضہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد اور ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن نے کیا، وزیراعظم چوہدری انوارالحق اسلام آباد میں مصروفیات کے باعث تقریب میں شریک نہ ہو سکے، ہیلتھ ملازمین نے محکمہ کے ملازمین کے دیرینہ مسائل کے حل، مراعات میں اضافے سمیت جملہ مطالبات پر وزیر صحت کی خصوصی دلچسپی کا منفرد انداز میں اظہار تشکر تقریب مقامی ہوٹل کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی، ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن کے سرپرست اعلیٰ سردار خالد محمد نے محکمہ صحت کے جملہ ملازمین کیلئے ہیلتھ الاؤنس کا مطالبہ پیش کر دیا،،وزیر حکومت چوہدری عیدالرشید؛ وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر نثار انصر ابدالی نے مشترکہ طور پر حکومت کو خراج تحسین پیش کرنے اور اظہار تشکر کیلئے منعقدہ منفرد تقریب میں ہزاروں افراد کی شرکت یقینی بنانے کو تاریخی واقعہ قرار دیا، اپنے خطاب میں دونوں وزرائے حکومت کا کہنا تھا کہ ایسا پروگرام،پر رونق انتظامات لائق تحسین ہیں، وزراء نے ہیلتھ ملازمین کے جملہ مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پرتمام ٹیکنیشنز کوسکیل بی 12 ملے گا،وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر نثار انصر ابدالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام کیڈرز کی لیڈی ہیلتھ ورکرز،لیڈی ہیلتھ وزیٹرز، نرسنگ و سپورٹنگ سٹاف کا سروس سٹریکچر بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس دوران وزراء حکومت؛ وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق چوہدری کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد ڈاکٹر عامر شہزاد چوہدری اور ان کی ٹیم کو ہزاروں پر مشتمل اجتماع منعقد کرنے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے پر مبارکباد دی، پروگرام کے دوران ملی نغمے پیش کیے گئے،ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری کے تناظر میں مزاحیہ قوالی بھی پیش کی گئی، پرنسپل الائیڈ ہیلتھ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ گڑھی دوپٹہ میڈم شفق ملک سمیت تمام طلباء و طالبات نے اپنی پرفارمنس پیش کرتے ہوئے بھرپور شرکت کی۔

نظامت اعلیٰ صحت عامہ،ٹیکنالوجسٹ ایسوسی ایشن؛ اور فارماسسٹ ایسوسی ایشن،میڈیا، سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی تقریب میں موجود تھے، وزراء حکومت نے پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی پروپیگنڈہ اور جارحیت کے عزائم کا منہ توڑ جواب دینے اور مسلح افواج پاکستان کے حوصلوں کو داد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج پاکستان دفاع وطن کیلئے قربانیوں کی تاریخ رقم کر رہی ہے، پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام دفاع اور سلامتی کیلئے مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، مسلح افواج اپنی پیشہ وارانہ صلاحیت کی بنیاد پر پر دشمن کے ہر وار کو پسپا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ متحد ہے، منہ توڑ جواب دیں گے۔

پورا پاکستان اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے، قوم متحد ہے اور مودی سرکار نے اگر کوئی غلطی کی تو ایسا ہی سخت جواب دیا جائے گا کہ مودی اور اس کی نسلیں یاد رکھیں گی، وزیر حکومت چوہدری عبدالرشید اور وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے ملازمین کے اظہار تشکر پروگرام میں واضح اعلان کیا کہ پاکستان پر جب بھی کڑا وقت آیا، قوم نے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، وزراء حکومت کا مزید کہنا تھا کہ دو ایٹمی ممالک کے درمیان تصادم علاقائی امن کیلئے بھی خطرہ ہے، یہ معاملہ عالمی برادری نے اگر موجودہ صورت حال میں ہندوستان کے جارحانہ عزائم کا نوٹس نہ لیا اور پہلگام میں نہتے لوگوں پر دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات نہ کروائیں تو مودی سرکار انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں یوں ہی جاری رکھے گی، مودی سرکار بغل میں چھری منہ میں رام رام کا راگ الاپ کر دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی،وزرائے حکومت نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ملکی سلامتی، دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور ملکی سلامتی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا،صحت عامہ ڈاکٹر نثار انصر ابدالی،وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری عبدالرشید نے بھارتی میڈیا کی جانب سے منفی اور یکطرفہ خلاف حقائق پروپیگنڈے کو مہم جوئی قرار دیتے ہوئے پاکستانی میڈیا کے مثبت کردار کو سراہا، پروگرام میں ڈاکٹر نورالعین فادی، کومل بخاری، صباء شبیر میر،محمد عارف اور چوہدی محمد یونس شاہین نے بطور سٹیج سکریٹری کے فرائض سرانجام دیے۔

اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، محکمہ صحت عامہ کے زیر اہتمام منعقدہ اظہار تشکر اجتماع آزادکشمیر حکومت کی کارکردگی اجاگر کرنے کے حوالے سے ریاست بھر میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات