جامعہ کراچی کے قریب 84 انچ قطر لائن لیک ہوگئی، شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی،ترجمان

منگل 29 اپریل 2025 17:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) جامعہ کراچی کے قریب واٹر کارپوریشن کی 84انچ قطر کی لائن سائفن نمبر 19لیک ہوگئی ،شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔منگل کو ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق شہری پانی کا ذخیرہ کریں اور احتیاط سے استعمال کریں۔سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے شہریوں کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے افسران کو مرمتی کام جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ، مرمتی کام 24 گھنٹے جاری رہے گا تاکہ مقررہ وقت پر کام مکمل کیا جا سکے، یہ 96 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔

واٹر کارپوریشن نے پانی کے پریشر کو کم کردیا ہے تاکہ مرمتی کام شروع کیا جا سکے، پانی کی مقدار میں کمی کے فورا بعد مرمتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ مرمتی کام کے دوران شہر کے مختلف علاقوں جمشید ٹائون، جناح ٹائون، لیاقت آباد، ناظم آباد، پاک کالونی، گولیمار، شیرشاہ، اولڈ سٹی ایریا، لانڈھی، کورنگی اور پی اے ایف بیس مسرورمیں پانی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی۔انہوں نے کہا کہ شہر کو یومیہ مجموعی طور پر 650ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے،مرمتی کام کے دوران شہر کو یومیہ 250ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا جبکہ شہر کو 400ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔