سندھ ہائی کورٹ نے سندھ سے ارسا کے نمائندے کی تقرری کی رپورٹ 22 مئی تک پیش کرنے کی ہدایت کردی

منگل 29 اپریل 2025 17:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)سندھ ہائیکورٹ میں نئی نہروں کیلئے پانی کی دستیابی کے سرٹیفکیٹ اور ارسا میں سندھ کے نمائندے کی تقرری کیخلاف درخواست پرسندھ سے ارسا کے نمائندے کی تقرری کی رپورٹ 22 مئی تک پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے جواب پر درخواست نمٹادی۔منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں نئی نہروں کیلئے پانی کی دستیابی کے سرٹیفکیٹ اور ارسا میں سندھ کے نمائندے کی تقرری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت میں ارسا کے نمائندے، ایڈووکیٹ جنرل سندھ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، درخواستگزار بیرسٹر ضمیر گھمرو پیش ہوئے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف دیا کہ پانی کی دستیابی کا سرٹیفکیٹ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے سی سی آئی کے اجلاس میں منصوبہ منسوخ کردیا ہے۔ ارسا میں سندھ کا نمائندہ چند دن میں مقرر کر دیا جائے گا۔نہروں کا منصوبہ چاروں صوبوں کی باہمی رضا مندی سے بنے گا۔ تمام معاملات مشترکہ مفادات کی کونسل میں جائیں گے۔ وفاقی حکومت نے نہروں کی تعمیر روکنے کا نوٹیفکیشن پیش کردیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سندھ سے ارسا کے نمائندے کی تقرری کی رپورٹ 22 مئی تک پیش کی جائے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کے جواب پر درخواست نمٹادی۔