محمود آباد میں یوٹیلیٹی کمپنیوں کی جانب سے سڑک کی کھدائی کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب

منگل 29 اپریل 2025 17:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)سندھ ہائیکورٹ میں محمود آباد میں یوٹیلیٹی کمپنیوں کی جانب سے سڑک کی کھدائی کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرلئے۔منگل کوسندھ ہائیکورٹ میں محمود آباد میں یوٹیلیٹی کمپنیوں کی جانب سے سڑک کی کھدائی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ ٹائون میونسپل کارپوریشن نے چیئرمین یو سی سے مشاورت کئے بغیر یوٹیلیٹی کمپنیوں کو روڈ کٹنگ پرمٹ جاری کئے۔

روڈ کٹنگ کے بعد مرمت نا کرنے سے سڑکوں کی ابتر حالت ہے۔ سندھ لوکل گورمنٹ ایکٹ کے تحت ترقیاتی کاموں کے لئے یونین کمیٹی کے چیئرمین سے مشاورت ضروری ہے۔ روڈ کی مرمت کے فنڈز کہیں اور استعمال کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ قانون میں کہاں لکھا ہے کہ مشاورت لازمی ہی درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ متعلقہ قوانین آج ہی عدالت میں پیش کر دینگے۔

سڑک کی کھدائی کے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یوٹیلیٹی کمپنیز کی جانب سے کھدائی کے باعث انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔ فریقین کو انفراسٹرکچر سے متعلق کسی بھی کارروائی کے لئے قانونی کے مطابق مشاورت کا حکم دیا جائے۔ سڑک کی کھدائی سے متعلق سندھ حکومت کو مانیٹرنگ مکینزم قائم کرنے کا حکم دیا جائے۔ فریقین کو سڑکوں کے مرمت کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرلئے۔