Live Updates

پاکستان کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ثقافت، کھیل اور سیاحت کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، ہائی کمشنر بنگلا دیش

منگل 29 اپریل 2025 18:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش 50 سال بعد پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو دوبارہ استوار کرنے کے لیے گرم جوشی سے آگے بڑھ رہا ہے، ہم تجارت و سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ثقافت، کھیل اور سیاحت کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ فلائی جناح اور ایئر سیال پاکستان سے بنگلہ دیش کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز کرنا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی بنگلہ دیش کی قومی ایئر لائن بیمان بنگلہ دیش ایئر لائنز کی پاکستان کے لیے پروازیں بھی دوبارہ شروع کی جائیں، پاکستانی شہریوں کے لیے بنگلہ دیش کا ویزا انتہائی آسانی سے آن لائن جاری کیا جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل بنگلہ دیش ہائی کمیشن میں یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ سنڈسٹری کے سابق صدر احسن بختاوری اور چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر وقار بختاوری سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ظفر بختاوری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تمام علاقائی ممالک کو اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فارماسیوٹیکل شعبےمیں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کچھ میچز بنگلہ دیش میں اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے کچھ میچز پاکستان میں منعقد کیے جائیں۔سابق صدر چکوال چیمبر وقار بختاوری نے کہا کہ اسلام آباد میں حسین شہید سہروردی، اے کے فضل الحق اور خواجہ ناظم الدین کے نام سے منسوب شاہرائیں پاک-بنگلہ دیش دوستی کی عمدہ مثالیں ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات