راولپنڈی ، سابقہ رنجش پر شہری کو قتل کرنے والے مجرم کو سزائے موت

منگل 29 اپریل 2025 23:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) راولپنڈی کی مقامی عدالت نے سابقہ رنجش پر شہری کو قتل کرنے والے مجرم کو سزائے موت سنا دی۔ معزز عدالت نے مجرم گلاب شیر کو سزائے موت کے ساتھ 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مجرم گلاب شیر نے محمد عاطف نامی شخص کو ذاتی رنجش کی بنیاد پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

یہ افسوسناک واقعہ مئی 2022 میں تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں پیش آیا تھا جس پر فوری مقدمہ درج کر کے پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی پولیس کی انویسٹی گیشن ٹیم نے شواہد کو نہایت پیشہ وارانہ انداز میں جمع کیا اور مقدمہ کی بھرپور قانونی پیروی کی گئی۔ شواہد کی بنیاد پر عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے مقدمہ میں انصاف کی فراہمی اور مجرم کو سزا دلوانے پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن، تفتیشی اور لیگل ٹیم کو شاباش دی۔

ان کا کہنا تھا کہ قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام قانونی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور قانون کی عمل داری یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔