سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد ہمدانی کا سٹی سرکل میں کھلی کچہری کا انعقاد

منگل 29 اپریل 2025 23:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے سٹی سرکل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر، ایس پی راول ڈویژن، ڈی ایس پی سٹی، ایس ایچ اوز، انجمن تاجران، امن کمیٹی کے ممبران اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ سی پی او نے کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل بغور سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ان کے فوری حل کے احکامات جاری کئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مارک کردہ درخواستوں پر مقررہ وقت میں قانونی کارروائی ہر صورت ممکن بنائی جائے۔ سی پی او نے کہا کہ تھانے عوام کو انصاف فراہم کرنے کا بنیادی مرکز ہیں اور ان میں سروس ڈیلیوری کو بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری اور مؤثر حل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر انجمن تاجران اور امن کمیٹی کے اراکین نے راولپنڈی پولیس کی تجاوزات کے خلاف کارروائی کو سراہا۔ سی پی او نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو انصاف کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔