سی پی او کی سٹی سرکل میں کھلی کچہری ،شہریوں کے مسائل سن کرحل کے احکامات جاری کئے

سی ٹی او،ایس پی راول ڈویژن، ڈی ایس پی سٹی،ایس ایچ اوز سٹی سرکل،انجمن تاجران،ممبرز امن کمیٹی سمیت شہریوں کی شرکت

منگل 29 اپریل 2025 23:37

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء) سی پی او سید خالد ہمدانی نے سٹی سرکل میں کھلی کچہری کاانعقادکیا،کھلی کچہری میں چیف ٹریفک آفیسر،ایس پی راول ڈویژن، ڈی ایس پی سٹی،ایس ایچ اوز سٹی سرکل،انجمن تاجران،ممبرز امن کمیٹی سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، سی پی او سید خالد ہمدانی نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

تفصیلات کے مطابق سی پی او سید خالد ہمدانی نے گزشتہ روز سٹی سرکل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، کھلی کچہری یو پی (U.P) چرچ نزد فوارہ چوک میں منعقد کی گئی، چیف ٹریفک آفیسر،ایس پی راول ڈویژن، ڈی ایس پی سٹی،ایس ایچ اوز سٹی سرکل،انجمن تاجران،ممبرز امن کمیٹی سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، سی پی او سید خالد ہمدانی نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے،سی پی او نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مارک کردہ درخواستوں پر دئیے گئے ٹائم کے اندر قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہاکہ تھانوں میں شہریوں کے لئے بہترین سروس ڈیلیوری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، تھانہ پولیسنگ کا بنیادی یونٹ ہے، تھانے کی سطح پر شہریوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، انجمن تاجران اور ممبرز امن کمیٹی نے ناجائز تجاوزات کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا،وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔