Live Updates

دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو بے نقاب کریں، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود

منگل 29 اپریل 2025 23:42

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ دنیا بھر بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیری بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو بے نقاب کریں اور انٹرنیشنل کمیونٹی کو یہ باور کرائیں کہ بھارت ایک فسطائی ریاست ہے جو مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر گزشتہ سات دہائیوں سے مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کا جھوٹ دنیا کے سامنے کھل گیا ہے اور پوری دنیا میں بھارت کی سبکی ہوئی ہے لہذا ایسے وقت میں دنیا بھر میں مقیم کشمیری یکجان ہو کر عالمی برادری کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر جاری بھارتی بربریت کاپردہ چاک کریں اور ہندوستان کے مکروہ عزائم کو دنیا کے سامنے لائیں۔

ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے دیرینہ ساتھی وسابق اوورسیز مشیر چوہدری شعبان سے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سابق اوورسیز مشیر چوہدری شعبان کو ہدایت کی کہ وہ برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کو اُٹھانے کے لئے اوورسیز کشمیریوں کو متحد و متحرک کریں تاکہ بھارت کی ریشہ دوانیوں کا بین الاقوامی سطح پر بھرپور جواب دیا جا سکے۔

اس موقع پر صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا رول ادا کرنا چاہیے۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو موثر اور جاندار انداز میں اُجاگر کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ پوری قوت کے ساتھ عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجوڑا اور مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچایا جائے کیونکہ05اگست2019کے بعد سے بھارت نے مختلف حیلے بہانوں سے تحریک آزادی کشمیر کو ختم کرنے اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنے کی سازشیں شروع کر رکھی ہیں اور بھارت نے کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے اور اب جبکہ پہلگام جیسے واقعہ کو بنیاد بنا کر کشمیری عوام پر جبر و استبداد کی انتہاء کر دی ہے لہذا ایسے وقت میں ہم انٹرنیشنل کمیونٹی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سابق اوورسیز مشیر چوہدری شعبان کے درمیان آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سابق اوورسیز مشیر چوہدری شعبان نے میرپور میں رٹھوعہ ہریام برج کے کام میں تیزی، میرپور میں پارکنگ پلازہ کا سنگ بنیاد رکھنے سمیت مختلف سڑکات کی تکمیل پر اوورسیز کشمیریوں کی جانب سے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات