وزیراعظم کی ضلع کیچ، بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو شاباش

دہشتگرد بلوچستان کے امن اور عوام کی ترقی کے دشمن ہیں، حکومت بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر یونہی برقرار رکھے گی، شہبازشریف

منگل 29 اپریل 2025 19:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کیچ، بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کے امن اور عوام کی ترقی کے دشمن ہیں، حکومت بلوچستان کی ترقی اور اس کے عوام کی خوشحالی کا سفر یونہی برقرار رکھے گی، ارض پاک کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔