سندھ ترقی پسند پارٹی کا چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے سندھ کی عوام کو نہروں کے معاملے پر تاریخی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد

منگل 29 اپریل 2025 19:25

_حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے سندھ کی عوام کو نہروں کے معاملے پر تاریخی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فتح سندھ کے عوام، ایس ٹی پی کے کارکنان اور دیگر قومی دھڑوں کی مسلسل آٹھ ماہ کی پرامن جدوجہد کا نتیجہ ہے، جس کے باعث پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے وفاقی حکومت پر دبا ڈالا اور وفاق کو پیچھے ہٹنے پر مجبور ہونا پڑا۔

ڈاکٹر مگسی نے کہا کہ آج سی سی آئی کے اجلاس میں اگرچہ فیصلے مبہم ہیں، لیکن واضح طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ اب نئے نہری منصوبے تمام صوبوں کی رضامندی سے مشروط ہوں گے۔ اکثریتی فیصلے کی بجائے متفقہ فیصلے کی شرط سندھ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، جو کہ مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جدوجہد میں شامل تمام کارکنان، قومی دھڑوں، سول سوسائٹی اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے مسلسل مظاہروں، روڈ بلاکس اور پرامن احتجاج کے ذریعے حکمرانوں کو جھکنے پر مجبور کیا۔

ڈاکٹر مگسی نے کہا کہ نہروں کے ساتھ ساتھ سندھ کے وسائل، زمینوں اور معدنیات کی ملکیت کے مسائل بھی موجود ہیں جن کے لیے مسلسل اور منظم سیاسی جدوجہد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ترقی پسند پارٹی ہر سندھ دوست جماعت کے ساتھ مل کر یہ جدوجہد جاری رکھے گی۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے سندھ حکومت کو خبردار کیا کہ فوری طور پر کارپوریٹ فارمنگ کا منصوبہ ختم کیا جائے اور زمینیں بے زمین ہاریوں میں تقسیم کی جائیں، ورنہ کارپوریٹ فارمنگ کے خلاف احتجاج کا مرکز کراچی ہوگا اور وزیراعلی ہاس کا گھیرا کیا جائے گا۔