فیصل آباد، منشیات کے مقدمہ میں ملوث تین ملزموں کو عمر قید کی سزا کا حکم

منگل 29 اپریل 2025 20:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) ایڈیشنل سیشن جج محمد اقبال ہرل نے تھانہ اینٹی نارکوٹکس فورس کے منشیات کے مقدمہ میں ملوث تین ملزموں کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا کا حکم سنایا۔

(جاری ہے)

استغاثہ کے مطابق تھانہ اے این ایف پولیس نے مخبر کی اطلاع پر 23دسمبر 2022 کو ساہیانوالا انٹرچینج کے قریب چھاپہ مار کر تین منشیات فروش یار حسن پٹھان سکنہ کوہاٹ کو 24کلوگرام چرس، سلطان حسین پٹھان سکنہ کوہاٹ کو 120کلوگرام چرس اور ندیم اللہ پٹھان سکنہ کرک کو 24 کلوگرام چرس سمیت گرفتار کیا تھا۔

اس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے فاضل جج نے جرم ثابت ہونے پرتینوں ملزموں کو عمر قید کی سزا کا حکم سنایا۔ عدالت نے ملزم سلطان حسین کو 15لاکھ روپے جبکہ دیگر دو ملزموں کو فی کس 8 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم سلطان حسین کو دوسال جبکہ ملزم یار حسن اور ندیم اللہ کو ایک، ایک سال کی اضافی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔