Live Updates

ص*بھارتی آبی جارحیت،مرکزی کسان لیگ کا 4 مئی کو لاہور میں کسان مارچ کا اعلان

ٌپانی زندگی ہے،کسان ڈیم توڑنے کو تیار ہیں،پاکستان کو بنجر نہیں بننے دیں گے،رہنماؤں کا اعلان

منگل 29 اپریل 2025 21:05

Nلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء) بھارتی آبی جارحیت کیخلاف مرکزی کسان لیگ نے اتوار 4 مئی کو مال روڈ لاہور پر احتجاج کا اعلان کر دیا، مرکزی کسان لیگ کے چیئرمین ذوالفقار علی اولکھ کا کہنا تھا کہ مودی نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے پاکستان پر جنگ مسلط کر دی، پاکستان کے کسان دفاع وطن کے لئے جنگ لڑنے کو تیار ہیں،وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے، اتوار چار مئی کو مال روڈ پر کسان مارچ میں ہزار وں کسان شریک ہو کر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا اعلان کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی کسان لیگ کے چیئرمین ذوالفقار علی اولکھ،صدر محمد اشفاق ورک، پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری جنرل مزمل اقبال ہاشمی، مرکزی کسان بورڈ کے رہنما چوہدری اختر فاروق میو، ترجمان مرکزی مسلم لیگ تابش قیوم نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ذوالفقار علی اولکھ کا کہنا تھا کہ پہلگام ڈرامے کے بعد مودی نے سب سے پہلا وار کسانوں پر کیا، سندھ طاس معاہدہ توڑنے کی بات کی گئی،پانی زندگی ہے، مودی نے کسان کی گردن پر وار کیا، اب پاکستان کے کسان ایک ہو چکے، پاکستانی زمینوں کو بنجر نہیں ہونے دیں گے، بھارت انسانیت دشمنی پر اتر چکا ہے،مرکزی کسان لیگ بھارتی آبی جارحیت کیخلاف چار مئی اتوار کو مال روڈ لاہور پر عظیم الشان کسان مارچ کا انعقاد کرے گی، ہزاروں کسان مارچ میں شریک ہو کر مودی سرکار کو پیغام دیں گے کہ پانی کے تحفظ، وطن کے دفاع کے لئے پاکستان کا کسان افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، ضرورت پڑی تو ہزاروں کسان ٹریکٹر لے کر واہگہ عبور کر کے بھارتی ڈیموں کو توڑآئیں گے۔

صدرمرکزی کسان لیگ اشفاق ورک کا کہنا تھا کہ بھارتی آبی جارحیت کیخلاف پاکستانی کسان متحد ہیں، حکومت اعلان کرے، پاکستان کے کسان واہگہ عبور کر کے ڈیم توڑنے کو تیار ہیں،پاکستان کو آباد کریں گے،زراعت کو آباد کریں گے، ہر پاکستانی بھارت کے خلاف جان قربان کو تیار ہے، مرکزی مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری جنرل مزمل اقبال ہاشمی،کسان بورڈ پاکستان کے رہنما چوہدری اختر فاروق میو، مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم کا کہنا تھا کہ ہم اپنی نسلوں کو بچانے کے لیے نکلیں گے،مسئلہ صرف کسان کا نہیں پوری قوم کا ہے،اتوار 4 مئی کو 3 بجے مال روڈ پر کسانوں کے ساتھ پاکستانی عوام بھی جمع ہو گی،بھارت کو بھر پور پیغام دیا جائے گا، دشمن اگر جنگ چاہتا ہے تو ہم ہزار سال لڑنے کے لیے تیار ہیں،سندھ طاس معاہدہ غلط تھا اسکے باوجود پاکستان نے قبول کیا ۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات