وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا تربت اور ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر مبنی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار

منگل 29 اپریل 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تربت اور ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر مبنی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور صوبے میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی، امن اور استحکام کے سفر کو کوئی بھی قوت روک نہیں سکتی۔