محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کا منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈائون ، مختلف کاروائیوں میں 6.5 کلوگرام چرس و ہیروئین برآمد

صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کی منشیات فروشوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے اور بلاتفریق و بھرپور کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت

منگل 29 اپریل 2025 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈان جاری ہے۔ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے مختلف کاروائیوں میں 6.5 کلوگرام چرس و ہیروئین برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ نارکوٹکس کنٹرول روہڑی سرکل نے اے ای ٹی او قمرالدین سیال اور ای ٹی آئی محمد یعقوب جاگیرانی کی سربراہی میں سینٹرل جیل روڈ ناکہ پر دوران تلاشی مسافر کوچ سے 6 کلوگرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد کرکے دو خواتین سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تینوں گرفتار ملزمان صفیہ بنگلزئی، شازیہ بنگلزئی اور ساجد بنگلزئی آپس میں رشتہ دار ہیں اور پہلے بھی منشیات اسمگلنگ میں ملوث رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم خواتین نے مخصوص طریقے سے چرس کو اپنے جسموں پر باندھا ہوا تھا جبکہ ملزم ساجد ہینڈ بیگ کے ذریعے چرس اسمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ تینوں ملزمان مسافر کوچ نمبر BSC-298 کے ذریعے کوئٹہ سے سفر کر رہے تھے۔

دریں اثنا محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سانگھڑ سرکل نے ایکسائز انسپکٹر مظہر زرداری کی سربراہی میں کاروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کامران علی ولد حبیب اللہ کے قبضے سے 450 گرام چرس برآمد کرلی۔ ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مزید براں حیدرآباد سرکل کی ٹیم نے ہوسڑی کے علاقے میں چھاپے میں ایک ملزم کو گرفتار کرکے 150 گرام ہیروئین برآمد کی۔ ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کاروائی پر متعلقہ افسران اور انکی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے اور بلاتفریق و بھرپور کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہیں۔