ملتان سے حج آپریشن کا آغاز ،پی آئی اے کی پرواز 393 عازمین کو لے کر روانہ ہو گئی

منگل 29 اپریل 2025 21:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) ملتان کے بین الاقومی ہوائی اڈے سے حج آپریشن کا اغاز کر دیا گیا ۔ پی آئی اے کی پہلی پرواز پی ۔کے 715 منگل کی رات 8 بجکر پچیس منٹ پر 393 عازمین کو لے کر حجاز مقدس روانہ ہو گئی ۔ممبر صوبائی اسمبلی سلمان نعیم نے عازمین حج کو روانہ کیا۔روانگی سے قبل عازمین کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی سلمان نعیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے اللہ اور اس کے نبی (ص) کے گھر کی زیارت نصیب ہو۔جو لوگ حجاز مقدس روانہ ہو رہے ہیں وہ خوش نصیب ہیں۔حکومت نے اس سال بہترین انتظامات کئے ہیں تاکہ کسی بھی عازم کو تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

سلمان نعیم نے عازمین سے اپیل کی کہ وہ مقدس سرزمین پر جا کر اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کےلئے دعا کریں۔

انہوں نے فلسطین کے مظلوم بچوں اور خواتین کےلئے بھی دعاؤں کی استدعا کی۔اس سے قبل ڈائریکٹر حج اپریشن ریحان عباس کھوکھر نے کہا کہ حج آپریشن ایک محنت طلب مرحلہ تھا جسے بخوبی مکمل کر لیا ہے ۔جنوبی پنجاب سے 9 ہزار کے قریب عازمین حج کےلئے روانہ ہوں گے اور یہ سلسلہ 29 مئی تک جاری رہے گا۔اس سال ہم نے کوشش کی کہ حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔اس سلسلے میں عازمین کی رہنمائی کےلئے حج موبائل ایپ متعارف کی گئی جس سے عازمین کو دوران حج کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ڈائریکٹر حج کا مزید کہنا تھا کہ عازمین ہمارے ملک کے سفیر ہیں۔وہاں کے قوانین کی پاسداری کرکے اپنے وطن کا نام روشن کریں۔