ہ*جی ڈی اے روزانہ شہر کو تقریبا 32 لاکھ گیلن پانی فراہم کر رہی ہے، مولانا ہدایت الرحمن

منگل 29 اپریل 2025 23:00

ژ* گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء)گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی ای) کے دفتر میں رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمن اور ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے سیف اللہ کھیتران کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد نیوٹان ہاسنگ اسکیم سمیت شہر بھر میں پانی کی فراہمی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینا اور مثر اقدامات تجویز کرنا تھا۔

اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر نیوٹان ہاسنگ اسکیم و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، پی ڈی واٹر پروجیکٹ جی ڈی اے میرجان بلوچ، ایکسین کیسکو امیر علی بگٹی، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئر سلمان بلوچ، دیگر متعلقہ افسران اور مقامی نمائندوں نے شرکت کی۔ چیف انجینئر جی ڈی اے نے بریفنگ میں بتایا کہ جی ڈی اے روزانہ شہر کو تقریبا 32 لاکھ گیلن پانی فراہم کر رہی ہے، جو عمومی طور پر کافی ہے، تاہم نیوٹان ہاسنگ اسکیم میں مخصوص وقت اور پرانی سپلائی لائن کی وجہ سے کچھ شکایات موصول ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیوٹان اسکیم کے لیے پانی کی فراہمی کے اوقات بڑھا کر ہفتہ میں روزانہ 5 گھنٹے کیے جائیں گے جبکہ یومیہ ڈیڑھ لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جائے گا تاکہ گرمیوں میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ ایکسین کیسکو نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن سے منسلک فیڈر کی بجلی کی فراہمی میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ پی ایچ ای اور جی ڈی اے نے بجلی بندش کی صورت میں جنریٹرز کی مدد سے پانی کی فراہمی جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ جنریٹرز کو دو گھنٹے اضافی چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں نیوٹان کی پرانی پائپ لائن کو منقطع کر کے نئی لائن سے پانی کی فراہمی یقینی بنانے، اور وہاں درکار افرادی قوت کی فوری فراہمی پر بھی اتفاق ہوا، مزید غیر قانونی کنکشنز کے خلاف متعلقہ محکمے کارروائی کریں گے، جن میں جی ڈی اے، پی ایچ ای شامل ہیں۔

جہاں کہیں بھی پانی ضائع ہو رہا ہو، وہاں کنکشنز کاٹ کر پانی کے ضیاع کو روکا جائے گا۔۔ جی ڈی اے نے واضح کیا کہ شہر کو پانی کی مین سپلائی جی ڈی اے کی ذمہ داری ہے جبکہ تقسیم کا نظام پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت ہے، تاہم شہریوں کے ریلیف کے لیے دونوں محکمے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن نے زور دیا کہ گرمیوں میں پانی کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے سیف اللہ کھیتران نے کہا کہ شہر میں پانی کی بہتر فراہمی جی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔