چین کے ریسٹورنٹ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی،22افرادہلاک

فائر بریگیڈ کے عملے نے 4 گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا،صدرکاتحقیقات کا حکم

بدھ 30 اپریل 2025 15:17

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)چین کے ایک معروف ریسٹورینٹ میں ہونے والی آتشزدگی میں 22 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ہولناک واقعہ چین کے شمال مشرقی شہر لیایانگ میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں پیش آیا۔آگ کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے تین منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آسمان پر دھوئیں کے سیاہ بادل چھا گئے۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے 4 گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

(جاری ہے)

امدادی کاموں کے دوران 30 سے زائد افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔جہاں 22 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی۔ زیادہ تر ہلاکتیں دم گھٹنے کے باعث ہوئی تھیں۔ تین میں سے ایک زخمی کی حالت نازک قرار دی جا رہی ہے۔تاحال ریسٹورینٹ میں آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔صدر شی جنپنگ نے واقعے کو انتہائی سبق آموز حادثہ قرار دیتے ہوئے مقامی حکام کو زخمیوں کا فوری علاج کرنے کی ہدایت کی ہے۔چینی صدر نے آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرکے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔