Live Updates

پارلیمانی سیکرٹری سنجے کمار کی قیادت میں بھارت کے جھوٹے الزامات اور مسلسل اشتعال انگیزی کے خلاف کوئٹہ میں اقلیتی برادری کی احتجاجی ریلی

جمعرات 1 مئی 2025 00:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سنجے کمار کی قیادت میں بدھ کو بھارتی جارحانہ رویہ، حالیہ پہلگام واقعے پر بھارت کے جھوٹے الزامات اور مسلسل اشتعال انگیزی کے خلاف کوئٹہ میں اقلیتی برادری نے احتجاجی ریلی نکالی۔ یہ ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی جس میں اقلیتی برادری کے افراد، نوجوانوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے لگائے اور بھارت کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم، فسطائی پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور سنجے کمار نے کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں، جو نہ صرف خطے کے امن کے خلاف ہے بلکہ اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف نفرت اور جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈے کے ذریعے اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا فخر ہے ، اقلیتیں ملک کے دفاع، ترقی اور اتحاد کے لیے ہمیشہ ہر اول دستے میں رہی ہیں اور رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو جو مساوی حقوق، تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل ہے وہ خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلوانے والے بھارت کے لیے لمحۂ فکریہ ہے ۔ سنجے کمار نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی اشتعال انگیزی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پاکستان کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے کا نوٹس لے ۔ ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی اور افواجِ پاکستان کی فتح و حفاظت کے لیے دعا کی گئی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات