پاک بھارت کشیدگی ، کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود ایک ماہ کیلئے بند کردی گئی

پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی نے ناٹم جاری کردیا، سیکیورٹی وجوہات پر مخصوص فضائی حدود یکم سے 31 مئی تک بند رہے گی اس دوران ائیر ٹریفک کنٹرولرز کمرشل پروازوں کو متبادل رہنمائی فراہم کریں گے،ایوی ایشن حکام

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 1 مئی 2025 12:16

پاک بھارت کشیدگی ، کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود ایک ماہ کیلئے ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم مئی 2025)پاک بھارت کشیدگی کے باعث کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود ایک ماہ کیلئے بند کردی گئی، پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی نے ناٹم جاری کردیا، پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان اور بھارت بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود ایک ماہ کےلئے جزوی طور پر بند کی گئی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات پر مخصوص فضائی حدود یکم سے 31 مئی تک بند رہے گی، اس دوران ائیر ٹریفک کنٹرولرز کمرشل پروازوں کو متبادل رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ فضائی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔جاری کردہ ناٹم کے مطابق کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود صبح 4 بجے سے صبح 8 بجے تک بند رہے گی۔ اس دوران کمرشل پروازوں کا فلائٹ آپریشن متبادل روٹس کے ذریعے جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سیکورٹی وجوہات کے باعث قومی ایئر لائن کی گلگت کی 4 پروازیں سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر آج بھی منسوخ کردی گئیں۔بتایاگیا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور سے گلگت کی 4 پروازیں پی کے 601، 602، 609 اور 610 منسوخ کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ سکردو کی فلائٹس بھی تاخیر کا شکار رہیں۔ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے سکردو کی پرواز پی کے 451 کی روانگی میں نصف گھنٹے کی تاخیر ہوئی ہے جبکہ کراچی سے کوئٹہ کی پروازیں پی کے 310 اور 311 پونے 3 گھنٹے لیٹ ہیں۔

قبل ازیں بھی گزشتہ رات بھی سیکورٹی وجوہات کے باعث کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود 8 گھنٹے کیلئے بندرہی تاہم اس دوران فضائی آمد و رفت جاری رہی۔ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بندش سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کی گئی جس کے حوالے سے نوٹم جاری کر دیا گیا تھا۔ اس جزوی بندش سے فلائٹ آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں ۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران ائیر ٹریفک کنٹرولرز کمرشل پروازوں کو متبادل رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ فضائی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاک بھارت کشیدگی اور ممکنہ بھارتی جارحیت کے خدشات کے پیش نظر سکردد اور گلگت کی پروازیں منسوخ کردی گئیں تھیں۔سیکورٹی کے پیش نظر ایئر ٹریفک کنٹرول کو نئی ہدایت جاری کردی گئی تھیں۔

ایئرپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے سکردو جانے والی 2 پروازیں جبکہ اسلام آباد سے گلگت جانے والی 4 پروازیں بھی منسوخ کردی گئی تھیں۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پروازوں کو منسوخ کیا گیا تھا۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی اور لاہور سے سکردو جانے والی 2، 2 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔دوسری جانب پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والی غیر ملکی پروازوں کی بھی نگرانی شروع کردی گئی تھی خصوصی طور پر بھارت سے آنے والی غیر ملکی پروازوں کی کڑی نگرانی کی جاری تھی۔ مشکوک پروازوں کی خصوصی اجازت اعلیٰ سطح پر ملنے کی بعد دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ بھارتی جارحیت کے خدشات کے پیش نظر پاکستان ایئر اسپیس کی کڑی نگرانی کی جارہی تھی۔