ڈیری فارمرایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کر دیا

سرکاری نرخنامہ نظرانداز کرتے ہوئے دودھ کی قیمتوں میں 13 روپے تک اضافہ ، قیمتوں میں اضافہ ایک سال کیلئے کیا گیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 1 مئی 2025 16:31

ڈیری فارمرایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کر دیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم مئی 2025)ڈیری فارمرایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کر دیا،سرکاری نرخنامہ نظرانداز کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ ایک سال کیلئے کیاگیا ہے ،ڈیری فارمر ایسوسی ایشن کے صدر رفیق گجر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دودھ کی قیمتوں میں 13 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے،ڈیری فارمر ایسوسی ایشن کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے مطابق بھینس کے دودھ کی ہول سیل قیمت 10 روپے اضافے کے بعد 220 روپے فی لیٹر ہو گئی۔

گائے کا دودھ 13 روپے اضافے کے بعد 175 روپے فی لٹر ہول سیل میں فروخت کیا جا رہا ہے۔پرچون سطح پر دودھ کی قیمت میں مزید 10 سے 20 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے جو کہ ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ قیمت سے فی لیٹر زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نرخنامے کے مطابق دودھ کا نرخ 170 روپے کیا گیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر اور مارکیٹ کے نرخ میں 50 روپے فی لٹر تک کا بڑا فرق ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ڈیری فارمر ایسوسی ایشن نے چند روز قبل یکم مئی سے قیمتوں میں 10 روپے تک اضافے کا اعلان کیا تھا۔بتایا گیا تھا کہ بھینس کے دودھ کی ہول سیل قیمت 10 روپے اضافے کے بعد 220 روپے کرنے کااعلان کیا گیا تھا اسی طرح گائے کا دودھ بھی 7 روپے 50 پیسے اضافے کے بعد 170 روپے فی لٹر ہول سیل میں فروخت کیا جائیگا جبکہ گائے اور بھینس کے مکس دودھ کی قیمت میں بھی10 روپے اضافے کااعلان کیا گیا تھا جس کے بعد ہول سیل قیمت195 روپے لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

دودھ فروش یونین نے اضافے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ موٹر سائیکل دودھ فروش یونین نے اضافہ بلاجواز قرار دیا تھا۔موٹرسائیکل دودھ فروش یونین کے صدر ارشاد گجر کا وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ دودھ کی قیمتوں میں من مانے اضافے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو دودھ کی سپلائی بند کر دیں گے۔