اپنے ہی گھر میں واردات کرکے فرار ہونے والی شادی شدہ لڑکی آشنا سمیت پکڑی گئی

دونوں میانوالی کے رہائشی ہیں جن کے قبضے سے 3 تولہ طلائی زیورات اور 6 لاکھ کیش برآمد کیا گیا؛ پولیس

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 مئی 2025 16:47

اپنے ہی گھر میں واردات کرکے فرار ہونے والی شادی شدہ لڑکی آشنا سمیت پکڑی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی سے اپنے ہی گھر میں واردات کرکے فرار ہونے والی شادی شدہ لڑکی آشنا سمیت لاہور میں پکڑی گئی۔ ترجمان پولیس کے مطابق موبائل سکواڈ بابو صابو نے پبلک ٹرانسپورٹ میں ایک جوڑے کو مشکوک جان کر چیک کیا جس کے نتیجے میں میانوالی میں اپنے ہی گھر میں واردات کرکے فرار ہونے والی لڑکی کو آشنا سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

اس حوالے سے ڈی ایس پی مبشر اعوان کا کہنا ہے کہ لڑکی شادی شدہ ہے جس نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر گھر میں واردات کی، جن کے قبضے سے 3 تولہ طلائی زیورات اور 6 لاکھ کیش برآمد کیا گیا ہے، دونوں میانوالی کے رہائشی ہیں، لڑکی اور اس کے آشنا کے خلاف میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں مقدمہ درج ہے جس پر میانوالی پولیس کو لڑکی اور ساتھی کی گرفتاری سے مطلع کردیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف لاہور کے علاقہ جوہر ٹاؤن میں 38 سالہ خاتون کے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل کر لیا گیا، پولیس نے مقتولہ کے آشنا اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لینے کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن صدر کی سربراہی میں پولیس ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔

انچارج انویسٹی گیشن تھانہ جوہر ٹاؤن معظم الیاس چیمہ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں مقتولہ ناصرہ کا آشنا محمد وقاص اور اس کا ساتھی خاور شامل ہیں، مقتولہ کے بیٹے نے اپنی والدہ کے اغواء کا مقدمہ تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج کروا رکھا تھا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا تو پتا چلا ملزم محمد وقاص نے معمولی تلخ کلامی کے بعد خاتون ناصرہ کو منہ پر سرہانہ رکھ کر بے دردی سے قتل کر دیا اور قتل کے بعد نعش کو بوری میں بند کرکے اپنے ساتھی خاور کے ساتھ مل کر رکشہ میں لے جا کر نہر میں پھینک دیا۔