آئندہ بجٹ میں ڈیری ملک، ادویات اور اسٹیشنری پر ٹیکس میں رعایت دینے کی تجویز سامنے آگئی

ڈیری ملک پر سیلزٹیکس 18 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد تک کیا جا سکتا ہے، آئی ایم ایف پروگرام کے زیرتحت ٹیکس میں چھوٹ دینا مشکل ہے۔ ذرائع ایف بی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 1 مئی 2025 20:32

آئندہ بجٹ میں ڈیری ملک، ادویات اور اسٹیشنری پر ٹیکس میں رعایت دینے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2025ء) وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ڈیری ملک، ادویات اور اسٹیشنری پر ٹیکس میں رعایت دینے کی تجویز زیرغور ہے۔ دنیا نیوز کے مطابق ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ڈیری ملک پر سیلزٹیکس 18 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد تک کیا جاسکتا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود کے مطابق آئندہ مالی سال 26-2025 کیلئے بجٹ اہداف مشکل ہوں گے، آئی ایم ایف پروگرام کے زیرتحت ٹیکس میں چھوٹ دینا مشکل ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ای او بی آئی کی پنشن میں 15فیصد اضافے کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دی ہے ،اس سمری کی منظوری سے پانچ لاکھ پنشنرز کو فائدہ ہوگا،آئندہ بجٹ میں بنیادی تنخواہ میں بھی اضافے کی تجویز دی ہے ، علمی طلب کے مطابق ہم اپنی ورک فورس کو فنی تربیت فراہم کریں گے ، ڈبلیو ڈبلیو ایف کو اس تناظر میں خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔

(جاری ہے)

وہ آج یہاں این آئی آر سی اور آئی ایل او کے اشتراک سے" تبدیلی کے ساتھ ہم آہنگی "کے عنوان نے انٹر نیشنل کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ،وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز عون چوہدری ، چیئرمین این آئی آر سی جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کے علاوہ مختلف وفاقی اداروں کے سربراہان، ٹریڈ یونین کے نمائندگان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ورکرز کے بچوں کی جہیز گرانٹ کو چار لاکھ سے پانچ لاکھ ، ورکرز کی ڈیتھ گرانٹ آٹھ لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ کی ہے ، ای او بی آئی کی جانب سے پندرہ فیصد اضافہ کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دی ہے، اس سے پانچ لاکھ پنشنر کو فائدہ ہوگا ،آئندہ بجٹ میں بنیادی تنخواہ بڑھانے کی تجویز دی جائے گی ، ان تمام اقدامات کا مقصد اجیرکے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مختلف ممالک کے ساتھ مزدوروں کو صحت سمیت ہر ممکن سہولیات دینے کے لئے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طلب کے مطابق ہم اپنے لوگوں کو تربیت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔