Live Updates

پاکستان اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پرہر غیرجانبدار فورم سے تحقیقات کیلئے تیار ہے

پاکستان کے پاس چھپانے کو کچھ نہیں لیکن انڈیا نےتاحال کوئی جواب نہیں دیا، تمام عالمی میڈیا کہہ رہا کہ بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام لگایا ہے، پاکستان کسی بھی بھارتی ایڈونچر کو ڈیل کرنا خوب جانتا ہے، وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 1 مئی 2025 21:07

پاکستان اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پرہر غیرجانبدار فورم سے تحقیقات ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ یکم مئی 2025ء )وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پرہر غیرجانبدار فورم سے تحقیقات کیلئے تیار ہے، پاکستان کے پاس چھپانے کو کچھ نہیں لیکن انڈیا نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا، تمام عالمی میڈیا کہہ رہا کہ بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام لگایا ہے۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان روابط ہوتے رہتے ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا بھی رابطہ رہتا ہے۔امریکی وزیرخارجہ کا وزیراعظم سے بات کرنا کوئی اچنبے کی بات نہیں ، ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، ٹرمپ نے بھی کہا کہ ہمارے دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

انڈیا نے ہمیشہ ایسے واقعات کو بنیاد بنا کر پاکستان پر حملہ کیا۔

ماضی میں بھی پوری دنیا کے سامنے ہے جب پاکستان نے ان کے جہاز گرائے اور ابھی نندن کو گرفتار کیا۔ انڈیا کی طرف سے ہمیشہ کوئی نہ کوئی شرارت ہوتی ہے۔ اس کا امکان رہتا ہے کہ انڈیا کوئی نہ کوئی ڈس ایڈونچر کرے گا، پاکستان کسی بھی ایڈونچر کو ڈیل کرنا خوب جانتا ہے۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ دوست ممالک جن کو علاقائی اور عالمی امن کے حوالے سے تشویش ہے، ہم نے ان کے سامنے بھی اپنا مئوقف رکھا کہ بھارت نے کس طریقے سے بغیر ثبوت الزام لگا کر پاکستان کو موردالزام ٹھہرایا۔

جبکہ پاکستان کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔ تمام عالمی میڈیا کہہ رہا ہے کہ بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر پہلگام واقعے کا الزام لگایا ہے۔بھارت کی کوشش تھی کہ پاکستان پر الزام لگا کر کوئی نہ کوئی ڈس ایڈونچر کیا جائے۔ پاکستان نے غیرجانبدار تحقیقات کا عندیہ دیا ہے، پاکستان نے تحقیقات کا مطالبہ کرکے بتایا ہے کہ پاکستان کے پاس چھپانے کو کچھ نہیں ہے۔ لیکن انڈیا نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔ دنیا میں اقوام متحدہ سے لے کر مختلف فورم موجود ہیں ،ایسا فورم جس پر کوئی سوال نہ اٹھا سکے۔ ایسے کسی فورم سے تحقیقات کرائی جاسکتی ہیں۔ ایف آئی آر کو دیکھ لیں 2بج کر 20منٹ پر واقعہ ختم ہوا اور 2بج کر 30منٹ پر ایف آئی آر ہوجاتی ہے۔ 
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات