Live Updates

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور زاہد علی آخونزادہ کا وفد کے ہمراہ شیعہ علما کونسل وفاقی علاقہ اسلام آباد کے دفتر کا اہم دورہ

جمعرات 1 مئی 2025 23:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2025ء)) شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد کے تنظیمی دورے کے سلسلے میں شیعہ علما کونسل وفاقی علاقہ اسلام آباد کے دفتر کا اہم دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ مولانا فیاض حسین مطہری، مولانا امداد علی گھلو، سینئر برادر اخلاق اختر زیدی اور رفعت زیدی بھی موجود تھے۔

دفتر پہنچنے پر وفاقی علاقہ اسلام آباد کے صدر سید جاوید حسین نقوی اور جنرل سیکرٹری تصور عباس جاڑا سمیت کابینہ اراکین نے پرتپاک اور شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر تصور عباس جاڑا نے علامہ شبیر حسن میثمی کو مکمل کابینہ کی جانب سے ہر میدان میں بھرپور حمایت، تائید اور اتحاد و وحدت کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران جملہ مرحومین، بالخصوص علامہ سید علی رضا نقوی اور علامہ شبیر میثمی کے مرحوم برادران کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اس موقع پر اتحادِ ملت اور تنظیمی شعور کو فروغ دینے کے لیے منعقدہ مختلف تقریبات اور عوامی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ شیعہ علما کونسل وفاقی علاقہ اسلام آباد کی کابینہ نے جس منظم، باہمت اور شعوری انداز میں مجالس، ریلیوں، یوم القدس، حمایتِ مظلومین پاراچنار، شہید القدس سید حسن نصراللہ کی مجلس ترحیم، رمضان المبارک کی تقریبات اور دفتر کے افتتاح سمیت تمام امور سرانجام دیے ہیں، وہ یقینا قابل تحسین ہیں۔

'' مرکزی سیکرٹری جنرل نے ضلعی کابینہ کی ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون اور بھرپور تائید کی یقین دہانی کرائی۔بعد ازاں اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے آنے والے وفود نے اپنے مسائل اور علاقائی امور پر مرکزی سیکرٹری جنرل سے ملاقاتیں کیں، جن میں انہوں نے رہنمائی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ساتھ ہی کابینہ سے سیاسی، سماجی اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔۔۔۔۔اعجاز خان
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات