ہنگلاج ماتا مندر کے سالانہ میلے کے موقع پرضلعی انتظامیہ پی پی ایچ آئی کی جانب سے ادویات و ایمبولینس کی پہلی کھیپ ہنگلاج مندر روانہ

جمعرات 1 مئی 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) ہنگلاج ماتا مندر کے سالانہ میلے کے موقع پر فری میڈیکل کیمپ کے قیام کے لئے ضلعی انتظامیہ پی پی ایچ آئی کی جانب سے ادویات و ایمبولینس کی پہلی کھیپ ہنگلاج مندر روانہ کردی گئی۔ مکران کوسٹل ہائی وے اگور کے قریب واقع ہنگلاج مندر کے سالانہ میلے میں حکومت بلوچستان سیکریٹری ہیلتھ بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت لسبیلہ پی پی ایچ آئی کے اشتراک سے میگا میڈیکل کیمپ قائم کیا جائیگا ۔

ڈسٹرکٹ سپورٹس منیجر پی پی ایچ آئی حاجی خان کا کہنا ہے کہ فری میڈیکل میں 24,گھنٹے ایمرجنسی ایمبولینس کی سہولیات سمیت ای آر سی کے ریسکیو اہلکاروں و ڈاکٹرز کی خدمات یاتریوں کو فراہم کی جائیں گی، ہنگلاج مندر پر سالانہ میلے کی مناسبت سے لگائے جانے والے میڈیکل کیمپ کے سلسلے میں ادویات کی روانگی کے موقع پر ایدھی بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایدھی فائونڈیشن کی جانب سے ایدھی ایمبولینسز کا قافلہ جلد ہنگلاج مندر پہنچے گا جہاں میلے کے دوران ایدھی فاونڈیشن کے رضاکار و ایمبولینسز کی خدمات یاتریوں کو کسی بھی میڈیکل ایمرجنسی کے دوران فراہم کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ وزیراعلی بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں سیکریٹری ہیلتھ بلوچستان کی جانب سے میڈیکل کیمپ کے لئے ادویات ہنگلاج مندر پہنچا دی گئی ہیں۔