Live Updates

ی*پاکستان کا مزدور طبقہ آج بھی غربت، استحصال، کم اجرت اور سوشل سیکیورٹی سے محروم ہے

۵پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں تقریب سے مقررین کا خطاب

جمعہ 2 مئی 2025 03:35

:اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2025ء)پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کی۔ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی،صوبائی و ضلعی رہنماؤں،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کارکنوں اور لیبر یونینز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق خرم نواز گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ یکم مئی دنیا بھر میں مزدوروں کی قربانیوں اور جدوجہد کو یاد کرنے کا دن ہے، لیکن یہ دن ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ آج بھی کروڑوں محنت کش اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مزدور طبقہ آج بھی غربت، استحصال، کم اجرت اور سوشل سیکیورٹی جیسی بنیادی سہولیات کے بغیر زندگی گزار رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ حالات کسی بھی مہذب معاشرے کے شایانِ شان نہیں۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ مزدوروں کے لیے ایک محفوظ، باعزت اور منصفانہ معاشی نظام فراہم کرے، جس میں ان کی اجرت ان کی محنت کے مطابق ہو اور انہیں سوشل تحفظ حاصل ہو۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکثر کارخانوں اور فیکٹریوں میں مزدوروں سے طویل اوقات کار میں بغیر کسی اضافی اجرت کے کام لیا جاتا ہے، جو بین الاقوامی لیبر قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے سب سے پہلے محنت کو عزت بخشی اور مزدور کو اس کی اجرت پسینہ خشک ہونے سے پہلے دینے کی تلقین کی۔ ہمیں اس تعلیم کو اپنانا ہوگا تاکہ ایک عادلانہ نظام قائم ہو۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کم از کم اجرت کو مہنگائی کے تناسب سے بڑھایا جائے، ہر مزدور کو ہیلتھ کارڈ، بچوں کے لیے تعلیم اور بزرگوں کے لیے پنشن کی سہولت فراہم کی جائے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔محنت کش پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنایا جائے گا جہاں ہر محنت کش باوقار اور محفوظ زندگی گزار سکے۔ تقریب میں راجہ زاہد محمود،میاں ریحان مقبول،نور اللہ صدیقی،نور احمد سہو،قاضی شفیق،عارف چوہدری،سردار عمردراز سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔۔اعجاز خان
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات