Live Updates

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں آئوٹ کم بیسڈ اکریڈٹیشن پر چار روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

جمعہ 2 مئی 2025 12:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام نئے منظور شدہ پروگرام ایویلیو ایٹرز اور فیکلٹی ممبران کے لیے آئوٹ کم بیسڈ اکریڈٹیشن پر چار روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو ئی۔ورکشاپ کا مقصد نئے منتخب شدہ پروگرام ایویلیو ایٹرز کو انجینئرنگ تعلیم کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ضروری معلومات اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا۔

انجینئر ڈاکٹر ناصر محمود خان (سیکریٹری/رجسٹرار پاکستان انجینئرنگ کونسل)، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر نوید رمضان، انجینئر ڈاکٹر سعید الرحمن، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد تاج نے تربیتی سیشنز میں ماہرین اور ماسٹر ٹرینرز کے طور پر خدمات انجام دئیے جبکہ منتظمین میں پروفیسر ڈاکٹر امجد علی، کورڈنئیٹر جلوزئی کیمپس ،پاکستان انجینئرنگ کونسل کے نمائندگان انجینئر سید ذوالقرنین شاہ اور انجینئر سید حیدر عباس بخاری شامل تھے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں خیبر پختونخوا کی مختلف سرکاری و نجی جامعات سے تعلق رکھنے والے چالیس سے زائد فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سید وقار شاہ، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ تھے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر رضوان ایم گل، سینئر ڈین یو ای ٹی پشاور، ڈاکٹر خضر اعظم خان، رجسٹرار یو ای ٹی پشاور، پروفیسر ڈاکٹر امجد علی، کوآرڈینیٹر یو ای ٹی جلوزئی کیمپس اور دیگر سینئر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔آخر میں مہمانِ خصوصی نے ورکشاپ کے شرکا میں سر ٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات