امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز عہدے سے مستعفی

مائیک والٹز نے ہمارے قومی مفادات کو اولین ترجیح دینے کے لیے بہت محنت کی، ٹرمپ

جمعہ 2 مئی 2025 14:35

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کے 100 دن مکمل ہوتے ہی ٹرمپ انتظامیہ میں بڑی تبدیلیاں ہوگئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو قومی سلامتی کے مشیر کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دیں جبکہ قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز کو عہدے سے ہٹا دیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے مائیک والٹز کو اقوام متحدہ میں امریکا کا سفیر نامزد کر دیا۔

مائیک والٹز قومی سلامتی کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے انہوں نے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔اس حوالے سے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مائیک والٹز نے ہمارے قومی مفادات کو اولین ترجیح دینے کے لیے بہت محنت کی ہے۔ مجھے یقین ہے اب وہ نئی ذمہ داریاں بھی احسن طریقے سے نبھائیں گے۔