Live Updates

مرکزی مسلم لیگ کے ڈیجیٹل روزگار سہولت پروگرام کا ملک گیر آغاز

جمعہ 2 مئی 2025 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ملک بھر میں "صلاحیت بڑھا، اپنا کما" کے عنوان سے ڈیجیٹل روزگار سہولت پروگرام کا آغاز ہو گیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خود کفالت کی جانب گامزن کرنا ہے۔ یہ پروگرام پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بیک وقت شروع کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی 65سے زائد مقامات پر کلاس رومز بنائے گئے ہیں ۔مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نیسندھ کے میڈیا سیکرٹری طہ منیب کے ہمراہ کلاس رومز کا دورہ کیا، جہاں طلبا و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہے۔ احمدندیم اعوان نے خصوصی طور پر خواتین کی بھرپور شرکت کو خوب سراہا اور کہا کہ خواتین کا جدید تعلیم و تربیت کے میدان میں آگے آنا قوم کی ترقی کی ضمانت ہے۔

(جاری ہے)

احمد ندیم اعوان کاکہناتھاکہ مرکزی مسلم لیگ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے انہیں بااختیار اور خودمختار بنانے کا جذبہ رکھتی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر اپنا اور ملک کا مستقبل سنوار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وژن پاکستان کو ایک جدید آئی ٹی ہب میں تبدیل کرنا ہے، اور جلد ہی کراچی میں انکوبیشن سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ نئے آئیڈیاز کو عملی شکل دی جا سکے۔یاد رہے کہ ڈیجیٹل روزگار سہولت پروگرام 10 مئی تک روزانہ رات 9 بجے سے 11 بجے تک جاری رہے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات