پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی فوج نے کشمیریوں کے گھر بارود سے اڑا دیئے

جمعہ 2 مئی 2025 20:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں کے گھروں کو بارود سے اٴْڑا دیا گیا۔متاثرہ خاندان کی خاتون نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی کی شادی صرف 10 دن بعد ہونے والی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اس تباہی کو دیکھے جس کا ہم کشمیری سامنا کر رہے ہیں۔خاتون نے کہا کہ ہمارے گھروں کو اسی طرح تباہ کیا گیا جیسے اسرائیلی فوج فلسطین میں کرتی ہے۔

(جاری ہے)

تباہ شدہ گھر کے ایک بزرگ نے کہا کہ شام 7 بجے بھارتی فوج نے آ کر گھر خالی کرنے کو کہا، انہیں مسجد میں رات 10 بجے تک قید رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج نے ان کے گھر کو دھماکے سے اڑا دیا۔انہوں نے بتایا کہ جب ہمیں آدھی رات کو چھوڑا گیا تو گھر کھنڈر میں تبدیل ہو چکا تھا،ہم بیگناہوں پر بھارتی فوج کا یہ ظلم ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق بھارتی فوج ہر فالس فلیگ آپریشن کے بعد کشمیری مسلمانوں پر مظالم کا جواز تراشنا شروع کردیتی ہے۔ عوامی رائے یہ ہے کہ بھارتی فوج اسرائیلی طرز پر مظالم کو دہرا رہی ہے۔ مظلوم کشمیریوں کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کو کشمیری نہیں، صرف کشمیر چاہیے اور یہی بی جے پی کا خفیہ ایجنڈا بھی ہے۔