سپوٹی فائی اور ای اے سپورٹس کا سعودی عرب میں پائلٹ منصوبہ شروع

ہفتہ 3 مئی 2025 12:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2025ء) سپوٹی فائی اور ای اے سپورٹس نے پلیئرز کو اپنے سپوٹی فائی اکاونٹس کو ای اے سپورٹس ایف سی 25 ویڈیو گیم سے لِنک کرنےکے پائلٹ منصوبے کا آغاز کر دیا ہے،یہ سہولت سعودی عرب کے ساتھ ساتھ چند دیگر مارکیٹس میں فراہم کی جائے گی۔ اردو نیوز کے مطابق یہ پراجیکٹ سپوٹی فائی کے پریمیئم اکاؤنٹ کے صارفین کو ایک نئی ٹیب کے ذریعے گیم کے مینیو میں لاگ اِن کرنے دے گا اور گیم کے دوران میوزک پلے بیک کو کنٹرول کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

یہ کام ٹیم سیلیکشن اور پاز مینیو کے ساتھ بھی ہو سکے گا۔سپوٹی فائی، جو سویڈن کا موسیقی کا پلیٹ فارم ہے کا کہنا ہے کہ اس شراکت سے کھیلنے والوں کو کھیل کے دوران زیادہ کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

سپوٹی فائی کا کہنا تھا کہ مدت سے میوزک کو کھیل کا ایک مکمل ساتھی کہا اور دیکھا جاتا ہے۔ میوزک فوکس کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے، ایڈرینالین میں اضافہ کرتا ہے اور ہر میچ کے جذباتی لمحوں کے تموج کو نمایاں کرتا ہے۔

اس شراکت سے کھلاڑی، کھیل کے دوران ساؤنڈ ٹریک کو مکمل طور پر اپنی مرضی سے چلا سکیں گے اور ان فنکاروں کو سن سکیں گے جنہیں وہ پسند کرتے ہیں۔پوڈکاسٹ تک رسائی اور پلے لِسٹ کو مرتب کرنے کا فیچر بھی کھلاڑیوں کو دستیاب ہوگا۔ یہ فیچر فی الوقت صرف پریمیئم صارفین کو میسر ہے جو سعودی عرب اور آسٹریلیا میں پلے سٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز x/s پر ای اے سپورٹس FC 25 کھیلتے ہیں۔

سعودی عرب ای سپورٹس اور کھیلوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ بن رہا ہے جس کی وجہ مملکت میں کمپیوٹر کو اچھی طرح سمجھنے والےنوجوانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی ہے۔مملکت کے وژن 2030 کی تنوع پر مشتمل حکمتِ عملی کے تحت گیمز بہت نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ منصوبے کے مطابق اس شعبے سے 13 بلین ڈالر حاصل ہوں گے اور دسیوں ہزار ملازمتیں بھی فراہم ہوں گی۔ریاض نے گزشتہ گرمیوں میں ای سپورٹس عالمی کپ کی افتتاحی تقریب کی میزبانی کی تھی۔ یہ وسیع پیمانے کا ٹورنامنٹ تھا جس میں 23 بڑے ایونٹ منعقد ہوئے تھے جن میں فورٹ نائٹ، کال آف ڈیوٹی اور ای اے سپورٹس ایف سی شامل تھے۔ اس کا انعام ریکارڈ ساز 62.5 ملین ڈالر تھا۔