آزاد ، غیر جانب دار میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

ہفتہ 3 مئی 2025 12:21

آزاد ، غیر جانب دار میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2025ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آزاد ، غیر جانب دار میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے۔عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر مقامی کالج سیالکوٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد ، غیر جانب دار میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی نہ صرف آئینی حق ہے بلکہ ایک مہذب معاشرے کی بنیادی ضرورت بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو اگر دبایا جائے یا اس پر پابندیاں لگائی جائیں تو عوام کے علم میں سچائی نہیں آتی اور معاشرے میں افواہوں اور منفی پروپیگنڈے کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہاصحافت صرف خبر دینا نہیں، بلکہ ذمہ داری، تحقیق اور سچائی پر مبنی بیانیہ پیش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال میں احتیاط سے کام لیں۔ سچ ،جھوٹ میں تمیز کرنا سیکھیں، جو مواد شیئر کریں اس کی صداقت پرکھیں انہوں نے کہا ڈیجیٹل دور میں ہر فرد صحافی ہے، تاہم ہر فرد کا ذمہ دار ہونا بھی ضروری ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےصحافیوں کو درپیش خطرات پر بھی روشنی ڈالی اور ان صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئے یا زخمی ہوئے۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کالج کے میڈیا سٹوڈنٹس کے ساتھ خصوصی نشست کی، جہاں انہوں نے طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ صحافت کو محض روزگار کا ذریعہ نہ سمجھیں بلکہ ایک قومی خدمت کا درجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے صحافی وہی ہوتے ہیں جو غیر جانبداری، تحقیق اور سچائی کے اصولوں پر قائم رہتے ہیں۔تقریب کے دوران طلباء و طالبات نے صحافت کی آزادی سوشل میڈیا پر اظہارِ رائے سے متعلق اپنے سوالات بھی پوچھے، جن کے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مفصل اور مدلل جوابات دیے۔

تقریب کے آخر میں پرنسپل کالج نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے خیالات کو علم و آگاہی کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔ اس موقع پر طلبا ، اساتذہ، مقامی صحافیوں، اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔