Live Updates

آزادی اظہار پر پابندیاں، پیکا ایکٹ نے آزادی سلب کرلی ہے،صدر پی ٹی آئی سندھ

پاکستان میں سچ بولنا جرم، صحافیوں کو قتل و تشدد کا سامنا ہے،پی ٹی آئی صحافیوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،حلیم عادل شیخ

ہفتہ 3 مئی 2025 15:51

آزادی اظہار پر پابندیاں، پیکا ایکٹ نے آزادی سلب کرلی ہے،صدر پی ٹی آئی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں دن آزادی صحافت کا عالمی دن منایا گیا مگر بدقسمتی سے پاکستان میں اظہار رائے کی آزادی شدید خطرات سے دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیکا ایکٹ جیسے قوانین کے ذریعے سچ بولنے اور حقائق سامنے لانے والوں پر قدغنیں لگائی جا رہی ہیں۔

سچ بولنے والے صحافیوں کو زدوکوب، ہراساں اور حتی کہ قتل کیا جا رہا ہے۔ سندھ میں کئی بہادر صحافیوں کو صرف اس لیے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا کہ وہ سچ لکھتے اور بولتے تھے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں عزیز میمن، اجے لالوانی، جان محمد مہر، اور نصراللہ گڈانی سمیت کئی صحافیوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ان کے قاتل آج تک قانون کی گرفت سے باہر ہیں اور سندھ حکومت ان قاتلوں کو گرفتار کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کو اغوا، تشدد اور قتل جیسے مظالم کا سامنا ہے، لیکن اس کے باوجود کئی سچے اور بہادر صحافی آج بھی میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں ۔ ہم ان تمام شہدا صحافت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے سچ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ارشد شریف کی شہادت پاکستان کی صحافت پر حملہ تھی، اور ہم ان کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آج سچ بولنا پاکستان میں جرم بن چکا ہے، لیکن پی ٹی آئی آزادی صحافت کی علمبردار جماعت ہے جو اظہار رائے کی آزادی کے لیے صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اظہار آزادی کے تحفظ اور فروغ کے لیے صحافی برادری کو مزید منظم جدوجہد کرنی ہوگی تاکہ سچ اور انصاف کا بول بالا ہو۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات