جہیز میں آیا زیور نہ دینے پر سسرالیوں کا بہو پر بہیمانہ تشدد، خاوند گرفتار

شوہر اکثر تشدد کرتا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتا، زیور نہ دینے پر دیور حسن اور نند نے بھی تشدد کیا؛ ایف آئی آر کا متن

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 مئی 2025 15:55

جہیز میں آیا زیور نہ دینے پر سسرالیوں کا بہو پر بہیمانہ تشدد، خاوند ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جہیز میں آیا زیور نہ دینے پر سسرالیوں نے بہو کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقہ باغبانپورہ میں پیش آیا جہاں جہیز میں آیا زیور نہ دینے جرم میں سسرالیوں نے بہو کو تشدد کا نشانہ بنادیا، جس کی وجہ سے 2 بچوں کی والدہ سحر شدید زخمی ہوگئی اور اس کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ملزم خاوند کو گرفتار کرلیا اور دیگر کی تلاش شروع کردی، پولیس نے ملزم خاوند سمیت سسرالیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، ایف آئی آر کے متن سے معلوم ہوا ہے کہ 6 سال قبل متاثرہ خاتون کی علی نامی شخص سے شادی ہوئی، اس کا خاوند علی اکثر خاتون پر تشدد کرتا اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتا رہتا تھا، زیور نہ دینے پر خاوند سمیت خاتون کے دیور حسن اور نند آمنہ نے بھی اس پر تشدد کیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف میانوالی سے اپنے ہی گھر میں واردات کرکے فرار ہونے والی شادی شدہ لڑکی آشنا سمیت لاہور میں پکڑی گئی، ترجمان پولیس نے بتایا کہ موبائل سکواڈ بابو صابو نے پبلک ٹرانسپورٹ میں ایک جوڑے کو مشکوک جان کر چیک کیا جس کے نتیجے میں میانوالی میں اپنے ہی گھر میں واردات کرکے فرار ہونے والی لڑکی کو آشنا سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ اس حوالے سے ڈی ایس پی مبشر اعوان کا کہنا تھا کہ لڑکی شادی شدہ ہے جس نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر گھر میں واردات کی، جن کے قبضے سے 3 تولہ طلائی زیورات اور 6 لاکھ کیش برآمد کیا گیا ہے، دونوں میانوالی کے رہائشی ہیں، لڑکی اور اس کے آشنا کے خلاف میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں مقدمہ درج ہے جس پر میانوالی پولیس کو لڑکی اور ساتھی کی گرفتاری سے مطلع کردیا گیا۔