صحافی عوام کو باخبر رکھنے اور ان کی آواز کو ایوانوں تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،سردار محمد بخش مہر

ہفتہ 3 مئی 2025 17:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)صوبائی وزیر زراعت، کھیل امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر نے صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صحافیوں کی انتھک محنت اورلگن کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ پیغام میں وزیر موصوف نے کہا کہ صحافت معاشرے کا ایک اہم ستون ہے اور صحافی عوام کو باخبر رکھنے اور ان کی آواز کو ایوانوں تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے آزاد اور غیر جانبدار صحافت کا ہونا لازمی ہے۔سردار محمد بخش مہر نے ان صحافیوں کی قربانیوں کو بھی سراہا جنہوں نے سچائی کو سامنے لانے کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔ انہوں نے اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے بہادر صحافیوں کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور سچائی کا علم ہمیشہ بلند رہے گا۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت نے سندھ حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کے تحفظ اور انہیں سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافیوں کو بغیر کسی خوف و خطر کے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیی. سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ صحافت کے اصولوں اور آزادی کو برقرار رکھا جائے۔ آخر میں انہوں نے یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی ہر قدم پر صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔