لاہور ، خطرناک ڈکیت گینگ کا سرغنہ پولیس مقابلے میں ہلاک ،دیگر ساتھی فرار

ملزم سیف علی نے 2017میں دوران پولیس مقابلہ کانسٹیبل کو فائر مار کر شہید کر دیا تھا‘ترجمان سی سی ڈی

ہفتہ 3 مئی 2025 17:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء) خطرناک ڈکیت گینگ کا سرغنہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر ساتھی فرار ہو گئے ۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ماڈل ٹائون کی جانب سے خطرناک اشتہاری اور ڈکیت گینگ کے خلاف آپریشن کیا گیا ۔ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک اشتہاری سیف علی ہلاک ہو گیا۔ ملزم پولیس کو قتل، اقدام قتل ،ڈکیتی سمیت بہت سے سنگین جرائم میں مطلوب تھا اور علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔

سی سی ڈی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر تھانہ نشترکالونی کی حدود میں اشتہاری کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔ پولیس پارٹی کے پہنچنے پر ملزم سیف علی اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس مقابلے کے دوران ملزم سیف علی موقع پر ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ملزم نے 2017میں دوران پولیس مقابلہ کانسٹیبل کو فائر مار کر شہید کر دیا تھا۔

ملزم نے علاقہ تھانہ اسلام پورہ میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر دوکاندار کو بھی فائر مار کر زخمی کردیا تھا۔ ہلاک ہونے والا ملزم سیف علی لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں اشتہاری اور ریکارڈ یافتہ تھا۔ ہلاک ملزم کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ دیگر مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔