نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ 7مئی سے کراچی میں شروع ہوگا

ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی،مجموعی طور پر 22میچز کھیلے جائیں گے

ہفتہ 3 مئی 2025 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء) نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 7مئی سے کراچی میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی اور یہ میچز نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ہائی پرفارمنس سینٹیر اوول گرایونڈ میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں شریک پانچ ٹیمیں چیلنجرز، کانکررز ، انونسیبلز ، اسٹارز اور اسٹرائیکرز ہیں۔ ڈبل لیگ فارمیٹ میں ہر ٹیم آٹھ میچز کھیلے گی اور مجموعی طور پر 22میچز کھیلے جائیں گے۔

پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں 22مئی کو کوالیفائر میں آمنے سامنے ہوں گی جس میں فاتح 24مئی کو فائنل میں ٹاپ رینک ٹیم سے مقابلہ کرے گا۔ فائنل نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 80کرکٹرز حصہ لیں گی۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم تیس لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ فاتح ٹیم کو 15لاکھ روپے ملیں گے جبکہ رنرز اپ کو 10 لاکھ روپے ملیں گے۔

کراچی میں 3مئی سے شروع ہونے والے چار روزہ پری ٹورنامنٹ کیمپ کے اختتام پر پانچوں ٹیموں میں سے ہر ایک کے 19رکنی اسکواڈز کی تعداد 16کر دی جائے گی۔ پانچ قومی کھلاڑی جو حال ہی میں ختم ہونے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر 2025ء میں پاکستان کے فاتح اسکواڈ کا حصہ تھیں، اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گی جن میں فاطمہ ثنا (کانکررز )، گل فیروزہ (اسٹرائیکرز)، منیبہ علی (انونسیلبز )،سدرہ امین (اسٹارز )اور رامین شمیم (چیلنجرز )شامل ہیں۔خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے اور اسے بڑھانے کے لیے پی سی بی کی مسلسل کوششوں کے حصے کے طور پر کوالیفائر (22مئی)اور فائنل (24مئی)پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچ سہ پہر 3بجے شروع ہوں گے۔