سرمایہ کاریوں کو عملی جامہ پہنا کر اقتصادی ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جائیں گے،اسحق ڈار

ہفتہ 3 مئی 2025 22:45

سرمایہ کاریوں کو عملی جامہ پہنا کر اقتصادی ترقی و خوشحالی کے اہداف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2025ء)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مختلف شعبوں میں سرکایہ کاری کیلئے حکومت کی جانب سے مکمل سہولت کاری کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ان سرمایہ کاریوں کو عملی جامہ پہنا کر اقتصادی ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق اجلاس میں دوست ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں معاونِ خصوصی اعظم باجوہ، چیئرمین ایس ای سی پی، سیکریٹری پیٹرولیم و خزانہ، اور وزارتِ خارجہ سمیت متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں انفراسٹرکچر، توانائی، پیٹرولیم اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

شفقت علی خان نے کہا کہ نائب وزیرِ اعظم نے سرمایہ کاری منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل پر زور دیا۔نائب وزیراعظم نے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔انہوں نے حکومت کی جانب سے مکمل سہولت کاری کی یقین دہانی کروائی اوراسحق ڈار نے کہاکہ ان سرمایہ کاریوں کو عملی جامہ پہنا کر اقتصادی ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔