بلوچستان کے صحافی مشکل حالات میں فرائض انجام دے رہے ہیں ،میر سرفراز بگٹی

حکومتِ بلوچستان صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی ،زیراعلیٰ بلوچستان کی صحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 3 مئی 2025 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 3 مئی یومِ صحافت کے موقع صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادیِ صحافت کا سب سے اہم پہلو ذمہ دارانہ صحافت ہے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ صحافت کو آزاد رکھے جبکہ مالکان کا فرض ہے کہ ذمہ دار صحافت کو فروغ دیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے احساس ہے کہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات میں فرائض انجام دے رہے ہیں حکومتِ بلوچستان صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی انہوں نے کہا کہ قومی چینلز بلوچستان کو صرف کرائم نیوز تک محدود نہ رکھیں بلکہ بلوچستان کے سماجی مسائل پر بھی توجہ دی جانی چاہیے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مثبت تنقید کو ہمیشہ اصلاح کا موقع سمجھا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی اہم اکائی ہے تمام ٹی وی چینلز کو یہاں اپنے بیوروز فعال کرنے چاہیے انہوں نے کہا کہ جو چینلز پیمرا معاہدے کے برعکس بیوروز بند یا ورکرز فارغ کر رہے ہیں، ان سے متعلق وفاقی وزارت اطلاعات کو آگاہ کیا ہے اور اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات اور سیکرٹری اطلاعات نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے باہمی مشاورت سے قابلِ عمل اقدامات اٹھائے جائیں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صحافیوں کے فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا آغاز کیا ہے صحافیوں کے لیے مختص رہائشی کالونی کے منصوبے پر پیشرفت جاری ہے انہوں نے کہا کہ صحافی ہمارے معاشرے کا پڑھا لکھا طبقہ ہے جو نہ صرف صوبے کے مسائل اپنے زبان اور قلم سے اجاگر کرتے ہیں بلکہ حکومت وقت کو مسائل کے حل کے لیے تجاویز بھی فراہم کرتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت بہترین معاشرے کہ تشکیل کا سبب بنتی ہے جسے ہر سطح پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔