دنیا کے امیر ترین امریکی سرمایہ دار وارن بوفے 60 برس بعد کمپنی سے مستعفی

94 سالہ بوفے نے یہ اعلان کمپنی کے سالانہ شیئر ہولڈر اجلاس کے دوران کیا،غیرملکی میڈیا

اتوار 4 مئی 2025 13:05

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)دنیا کے مشہور سرمایہ کار وارن بوفے نے بالآخر اعلان کر دیا ہے کہ وہ 2025 کے آخر میں برکشائر ہیتھاوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 94 سالہ بوفے نے یہ اعلان کمپنی کے سالانہ شیئر ہولڈر اجلاس کے دوران کیا۔بوفے نے گریگ ایبل کو اپنا جانشین مقرر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگرچہ مشاورتی کردار میں شامل رہیں گے، لیکن فیصلہ سازی کا مکمل اختیار اب ایبل کے پاس ہوگا۔

گریگ ایبل 2018 سے کمپنی کے نائب چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور 2021 میں باضابطہ طور پر وارن کے جانشین نامزد کیے گئے تھے۔ایبل اس وقت کمپنی کے غیر انشورنس کاروبار جیسے BNSF ریلوے، Geico، اور Dairy Queen کی نگرانی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب برکشائر کی کارکردگی شاندار ہے۔ کمپنی کا اسٹاک اس سال اب تک 19 فیصد اضافہ دکھا چکا ہے، جو مارکیٹ کی اوسط سے کہیں زیادہ ہے۔

برکشائر اس وقت تقریبا 200 کاروبار اور 264 ارب ڈالر کی اسٹاک ہولڈنگز رکھتی ہے، جن میں ایپل، بینک آف امریکہ، اور امریکن ایکسپریس جیسے بڑے ادارے شامل ہیں۔وارن بوفے کے فیصلے پر کاروباری دنیا کی بڑی شخصیات جیسے جے پی مورگن کے سی ای او جیمی ڈائمن اور ایپل کے سی ای او ٹم کک نے تعریفی کلمات کہے۔وارن کے بیٹے ہاورڈ کو کمپنی کا نان ایگزیکٹو چیئرمین بنایا جائے گا جبکہ وارن نے واضح کیا کہ وہ اپنے حصص نہیں بیچیں گے اور گریگ ایبل پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔اس اعلان کے بعد برکشائر کے مداحوں میں ملے جلے جذبات دیکھنے کو ملے، بہت سے افراد نے اسے "ایک دور کا اختتام" قرار دیا۔