Live Updates

سیمنٹ ڈیلرز کے تحفظات دور ، ایس آر او 578(I)/2025 پر نظر ثانی کی جائے‘ لاہور چیمبر

اتوار 4 مئی 2025 14:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 8 اپریل 2025 کو جاری کردہ ایس آر او 578(I)/2025 پر نظر ثانی کرے کیونکہ اس کی وجہ سے سیمنٹ ڈیلرز اور ایس ایم ایز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے آل پاکستان سیمنٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ٹیکس ڈاکیومینٹیشن کے فروغ کی کوششیں اچھی ہیں مگر اس ایس آر او کا اچانک نفاذ اور پیچیدہ تقاضے کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔

لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں انجم نثار، محمد علی میاں اور سابق نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔ وفد کی قیادت منیر چوہدری کررہے تھے جبکہ دیگر اراکین میں عبدالمجید شیخ، زوہیب ناصر بٹ، اشرف سعید ملک، چوہدری ساجد علی، نعمان احمد، ملک وحید، محمد آصف سعید، رانا شیر علی، عاصم منیر، طاہر حمید، طارق محمود اور اظہر عباس شامل تھے۔

(جاری ہے)

میاں ابوذر شاد نے کہا کہ ایس آر او کے مطابق اب کاروباری حضرات کو انیکسچراے ،سی میں خرید و فروخت کی مکمل تفصیل دینا ہوگی، اور ایک نئے انیسکچر سی ون کے تحت ہر سیلز انوائس کو اس سے منسلک ادائیگی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا جو کہ ان کاروباری افراد کے لیے ایک بڑا بوجھ ہے جن کے پاس ڈیجیٹل اکائونٹنگ نظام موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے الیکٹرانک فائلنگ سسٹم میں تکنیکی خرابیوں کے باعث پہلے ہی کاروباری حضرات مشکلات کا شکار ہیں، جن میں سسٹم کریش ہو کر ڈیٹا ضائع ہونا، ایچ ایس کوڈز اور یونٹس آف میڑرمنٹ میں غلطیاں، انیسکچر سی میں سیلز انوائسز اپ لوڈ نہ ہونے جیسے مسائل شامل ہیں۔

فروری 2025 کی سیلز ٹیکس ریٹرن سے متعلق کئی مسائل اب تک حل طلب ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ایس آر او کے باعث قانونی ان پٹ ٹیکس کلیمز ضائع ہونے، معمولی غلطیوں پر آڈٹس اور جرمانے لگنے، کاروباری سرمائے کے بہاو میں رکاوٹ، خاص طور پر سیمنٹ ڈیلرز اور ایس ایم ایز کو غیر ضروری دباو کا سامنا کرنا پڑے گا۔صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ کاروباری حضرات کو نئے تقاضوں کے مطابق خود کو ہم آہنگ کرنے کا وقت دیا جائے، چیمبرز آف کامرس کو اعتماد میں لے کر ایس آر او کا فریم ورک بہتر بنایا جائے، ادائیگیوں کے ریکارڈ اور کریڈٹ سیلز سے متعلق تفصیلی رہنمائی جاری کی جائے ، جرمانے عارضی طور پر معطل کیے جائیں اور تربیت و آئی ٹی سہولیات فراہم کی جائیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات