سی پی آئی-ایم کی پہلگام واقعے کے بعد بھارتی مسلمانوں، کشمیریوں پر حملوں کی مذمت

پیر 5 مئی 2025 17:06

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) بھارت میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ نے حال ہی میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد مسلمانوں اور خاص طور پر کشمیریوں پر حملوں اورانہیں ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سی پی آئی ایم نے ایک بیان میں پہلگام واقعے کوسکیورٹی کی ایک بڑی کوتاہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو حملہ آوروں اوران کے ہینڈلرز کی شناخت کرنی چاہیے اور بین الاقوامی برادری کے سامنے پیش کرنے کے لیے ایک ڈوزیئر تیار کرنا چاہیے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاکتوں کے بعد کشمیریوں کا احتجاج اور مذمت سب سے اہم ہے۔بیان میں وقف ترمیمی قانون 2025کے نفاذ کے بعدمختلف شہروں میں مسلمانوں پر ہونے والے حملوں کو بھی اجاگر کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی اس قانون کو لوگوں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے اور اقلیتوں پر حملے کرانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔