Live Updates

پارٹی کا صدر بننے سے متعلق سوال پر ایمل ولی خان کا جواب وائرل

’باچا خان کے خاندان اور اسفند یارولی کے بیٹے کے علاوہ آپ میں کیا قابلیت ہے کہ آپ پارٹی کے صدر ہیں‘ تجزیہ کار ارشاد بھٹی کا سوال، ’کچھ بھی نہیں بس یہی تو ایک قابلیت ہے‘ سربراہ عوامی نیشنل پارٹی کا جواب

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 مئی 2025 16:33

پارٹی کا صدر بننے سے متعلق سوال پر ایمل ولی خان کا جواب وائرل
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی 2025ء ) عوامی نیشنل پارٹی کا صدر بننے سے متعلق سوال پر ایمل ولی خان کا جواب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے اپنے پوڈ کاسٹ کے دوران سوال کیا کہ ’آپ کو بار بار عوام نے مسترد کیا، باچا خان کے خاندان اور اسفند یارولی کے بیٹے کے علاوہ آپ میں کیا قابلیت ہے کہ آپ پارٹی کے صدر ہیں‘، اس کے جواب میں سربراہ عوامی نیشنل پارٹی نے کہا کہ ’کچھ بھی نہیں بس یہی تو ایک قابلیت ہے‘۔

اپنی گفتگو کے دوران ایمل ولی خان نے دعویٰ کیا کہ الیکشن سے 4 دن پہلے مجھے پیغام آیا کہ علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ بن رہے ہیں، میں یہ کھل کر کہوں گا کہ انتخابات میں سیٹیں بکی ہیں، میں نہیں مان سکتا کہ عوام نے ہمیں مسترد کیا ہے کیوں کہ یہ میرے اور عوام کے درمیان کنکشن کو توڑنا ہے، اس بار جو گیم ہوئی ہے یہ جمہوریت پر ٹارگٹ حملہ ہے، یہ ایک الیکشن کی بات نہیں یہ پورے نظام کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ایسے بدقسمت ہیں کہ ہمارے پیسے بھی ان کو پسند نہیں ہیں، میرے کچھ دوستوں نے کہا بھی کہ یہ جو منڈی لگی ہوئی اس میں ہم بھی حصہ لیں، ہم اصل میں راستے کا کانٹا ہیں اس لیے یہ سب کچھ ہو رہا ہے، آج مائنز اینڈ منرل بل اسمبلی میں لایا جاتا ہے اور اگر میں اسمبلی میں ہوتا تو ایسا کبھی نہیں ہو سکتا تھا، ایسے لوگوں کو بٹھایا گیا ہے جو خود مختاری پر سودا کررہے ہیں اور سودے بازی یہ ہو رہی ہے کہ عمران خان کو رہا کر دیا جائے یا اگر بانی پی ٹی آئی حکم کریں گے تویہ بل منظور کیا جائے گا۔

سربراہ اے این پی کا کہنا ہے کہ کوئی ہم سے یہ نہیں پوچھتا کہ ہمارا مسئلہ کیا ہے، ریاست ہمیں کیوں نہیں تسلیم کرتی جبکہ ہماری 105سال عدم تشدد کی سیاست ہے، ہمارے آباﺅ و اجداد نے کبھی ریاست کی مخالفت نہیں کی، جتنے ظلم تاریخ میں ہمارے ساتھ ہوئے ہیں میں نہیں سمجھتا اگر کسی اور جماعت کے ساتھ ایسے ظلم ہوتے تو وہ یہاں تک پہنچ سکتے، میں اپنے حق پر کبھی سودے بازی نہیں کروں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات