Live Updates

ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کے بہتر ہونے میں سندھ کا بڑا کردار ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو

پیر 5 مئی 2025 19:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد نے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز راولپنڈی کے صدر عثمان شوکت ، سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی اور دیگر عہدیدار بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری صنعت و تجارت محمد یاسین شر بلوچ بھی موجود تھے۔

وفد کے اراکین نے راولپنڈی اور اس کے گردونواح میں صنعتی ترقی سے متعلق صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کو اگاہی دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کے بہتر ہونے میں سندھ کا بڑا کردار ہے۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشی استحکام میں تواتر رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی ریڑھ ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم سب نے مل کر سندھ سمیت پاکستان میں معاشی ترقی کرنی ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ہم نے بزنس کمیونٹی کو آن بورڈ لیا ہے۔ تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے فیسیلٹیشن کمیٹی بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مسائل کے حل کے لئے تاجر برادری کے نمائندوں کو ساتھ رکھا جائے ۔

معاملات کو احسن طریقے سے آگے بڑھانے کے لئے حکومت اور تاجر برادری کے درمیان مضبوط روابط ضروری ہیں۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ صنعت کاروں کے زیادہ تر مسائل وفاقی حکومت سے متعلق ہیں۔ دو ہزار ایکڑ پر مشتمل صنعتی زون پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنایا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے راولپنڈی کے تاجروں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کے بارے میں اگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کی تاجر برادری مل کر اپنے مسائل کے حل کے لئے کوشش کریں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات