عظیم ہیروز فائر فائٹرزکی عظمت کو سلام پیش کرنے کیلئے فائر فائٹرز ڈے منایا گیا

پیر 5 مئی 2025 19:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء) آل پاکستان فائر اینڈ ریسکیو ورکرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین غلام محمد نازصدراتی تمغہ امتیاز، جنرل سیکریٹری سیدذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے دنیا بھر کی طرح ملک بھرمیں فائر فائٹرز کی ان قربانیوں کی یاد کے طور پر منایا جاتا ھے،جو وہ اپنی جانوں پر کھیل کر انسانی جان ومال کو بچاتے ھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فائر فائٹرز ڈے کی تقریبات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جہاں فائر سروس کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے وہاں ہمیں آگ سے بچاو کی طرف زیادہ توجہ دینی چاہئے۔ترقی یافتہ ممالک نے آتشزدگی کے واقعات سے یہ سبق سیکھ کر آگ سے بچاو کی طرف زیادہ توجہ دی، خصوصی طور پر بلڈنگ کوڈز منظور کئے اور ان پر عمل درآمد کرایا جس کی وجہ سے انہوں نے کم سے کم نقصان کے اصول کو پایا، پاکستان میں اب پورے ملک کی سطح پر ریسکیو 1122 سروس کامیابی سے رواں دواں ہے اور اگ بھجانے،ریسکیو، ایمبولینس سروس کی سہولت شہروں سے دیہات تک جا چکی ھے اور بلڈنگ کوڈز بھی منظور ھو چکے ھیں اب ان پر عملدرآمد کی ضرورت ھے جو بلڈنگ کنٹرول اداروں کی ذمہ داری میں شامل ھے لیکن وہ اس میں غفلت برت رھے ھیں اب یہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ھے کہ وہ اس قانون پر عمل کروائیں۔

(جاری ہے)

حکومتوں کو فائر فائٹرز اور ریسکیورز کے لئے بہترین سہولیات فراہم کرنے کی طرف بھی توجہ مبذول کرنی چاہئے۔غلام محمد ناز نے راولپنڈی میں شہدائ کی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔اور فاتحہ خوانی کی۔ سید ذوالفقارشاہ نے آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی جنرل سیکریٹری نصیر الدین ہمایوں ملک ,مرکزی ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری عمران علی اور صوبائی سینیئر نائب صدر ملک محمد شفیق کے ہمراہ گوجر انوالہ چندا قلعہ میں فائر فائرز کی تقریب میں شرکت کی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

ایسوسی ایشن کے تحت پشاور ،ایبٹ آباد، سکھر، لاڑکانہ ،لاہور، فیصل آباد، ملتان، ڈیرہ غازی خان میں بھی فائر فائٹرز کی تقریبات کا انعقاد کرکے فائر فائٹرز کی قربانیوں کو سراہا گیا۔